200 ملین ڈالر کی امریکی امداد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں تعمیرِ نو کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک سمجھوتہ طے پایا ہے جس کے تحت آئندہ چار برسوں کے دوران امریکہ 200 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔ اس بارے میں دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور ان کے امریکی ہم منصب نکلس برنس نے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے اور پندرہ ملین ڈالر کی پہلی قسط پاکستان کو دی گئی۔ دو سو ملین ڈالر کی اس امداد کے علاوہ امریکہ ایک پانچ سالہ منصوبے کے تحت تعلیم اور صحت سے متعلق اصلاحات کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد پاکستان کو پہلے سے ہی فراہم کررہا ہے۔ سیاسی امور سے متعلق امریکی انڈر سیکرٹری نکلس برنس نئی دہلی سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔ پاکستانی دارالحکومت میں انہوں نے صدرِ پاکستان پرویز مشرف اور وزیر خارجہ محمود قصوری سے ملاقات کی۔ سنیچر کو جنرل مشرف سے ملاقات کے دوران نکلس برنس نے علاقائی اور پاک امریکہ تعلقات پر بات چیت کی۔ پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاک بھارت امن عمل اور افغانستان میں سیاسی استحکام کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ جمعہ کے روز نئی دہلی میں بھارتی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران نکلس برنس نے بھارت امریکہ ایٹمی سمجھوتے کے بارے میں تفصیل سے بات کی اور اس معاہدے کی تکمیل میں ’مشکلات‘ کی بات کی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے سیکرٹری شیام سرن اور نکلس برنس نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کو خطاب کیا۔ نکلس برنس نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ دو فروی کو عالمی ادارے آئی اے ای اے کے گورنرز ایران ایٹمی تنازعے کو سکیورٹی کونسل کے حوالے کرنے کے لیے ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران ’اس معاملے میں مسلسل عالمی قوانین و ضوابط کی خلاف ورزیاں کرتا رہا ہے۔ ایران کو یہ بتانا چاہیے کہ ایسا کرنے سے اسے سزا بھی دی جا سکتی ہے۔‘ مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایران کے ایٹمی تنازعے پر بھارت اور پاکستان کی حکومتیں امریکی سفارت کاری کے زیراثر نظر آرہی ہیں۔ | اسی بارے میں ’پانچ بلین ڈالر سے زیادہ چاہئیں‘16 November, 2005 | پاکستان امداد سے زیادہ دینے والوں کی تشہیر17 November, 2005 | پاکستان مانسہرہ: امدادی چیکوں پر جھگڑے30 November, 2005 | پاکستان ’نوّے فیصد خیمے غیر موزوں‘02 December, 2005 | پاکستان ’امداد میں کمی آرہی ہے‘13 December, 2005 | پاکستان کشمیر میں امدادی کارروائیاں معطل03 January, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||