’پہلے بھاشااور منڈا ڈیم بنیں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدر جنرل پرویز مشرف نے اعلان کیا ہے کہ بھاشا ڈیم اور منڈا ڈیمز کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی جبکہ کالاباغ ڈیم پر صوبوں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ جنرل مشرف نے قوم سے خطاب کے دوران کہا کہ آبی ذخائر کی تعمیر کو مزید روکا نہیں جا سکتا کیونکہ یہ پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم تعمیر ہونے کے بعد سندھ کے کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ اس سے پہلے پاکستان کی کابینہ نے متنازعہ کالاباغ ڈیم سمیت پانچ بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیرِ اطلاعات شیخ رشید نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے شعبے زراعت کے لیے پانچ آبی ذخائر بھاشا، کالاباغ، منڈا، اکھوڑی اور کرمتنگی ڈیم سن دو ہزار سولہ تک بنائے جائیں گے۔ وزیرِاعظم شوکت عزیز نے کابینہ کو یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ کالاباغ ڈیم پر تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ وزیرِاعظم نے کابینہ کے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ نئے آبی ذخائر کی تعمیر میں تیس سال کی تاخیر ہو چکی ہے۔
وفاقی کابینہ نے باجوڑ میں ہونے والے مبینہ امریکی حملے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بےگناہ جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ کابینہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خلاف ہے مگر اپنی آزادی اور خودمختاری کا احترام بھی چاہتا ہے۔ ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی حکام سے باجوڑ حملے کے بارے میں کسی قسم کی معلومات یا انٹیلیجنس کا تبادلہ نہیں کیا گیا تھا۔ |
اسی بارے میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||