سینیٹ: کالاباغ کے مسئلہ پر تلخی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ میں متنازعہ کالا باغ ڈیم کے معاملے پر بحث کے دوران جمعہ کے روز حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان سخت تلخی اور گرما گرمی ہوئی اور حزب اختلاف نے احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ بھی کیا۔ سینیٹ میں اس وقت ہنگامہ ہوگیا جب قائد ایوان وسیم سجاد نے ایوان کو مطلع کیا کہ پیر کے روز سینیٹ کے اراکین کو واپڈا کے ماہرین بریفنگ دیں گے۔ اس پر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رضا محمد رضا، عوامی نیشنل پارٹی کے الیاس احمد بلور اور پیپلز پارٹی کے عبدالغنی انصاری سمیت کئی سینیٹرز اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کرنے لگے۔ اس دوران ڈاکٹر شیر افگن نیازی اور رضا محمد کے درمیاں تلخی ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ جب فنی کمیٹی اور پارلیمان کی کمیٹی کی آبی ذخائر کے بارے میں رپورٹیں پیش کردی گئی ہیں تو پھر بریفنگ کس بات کی۔ حزب اختلاف کے اراکین نے کہا کہ اگر بریفنگ دینی ہے تو تمام صوبوں کے ماہرین کو بلایا جائے اور صرف سرکاری ماہرین کی نہیں سنی جائے گی۔ وسیم سجاد نے کہا کہ حزب اختلاف والے آنا چاہتے ہیں تو آئیں کسی پر زور نہیں ہے۔ بحث کے دوران جب وزیر مملکت ملک امین اسلم کو حصہ لینے کی اجازت دی گئی تو حزب اختلاف نے ایک بار پھر احتجاج کیا اور اعتراض کیا کہ وہ اس ایوان کے رکن نہیں ہیں اس لیے وہ تقریر نہیں کرسکتے۔ لیکن افسر صدارت محمد اکرم نے انہیں بولنے کی اجازت دے دی۔ جس پر حزب اختلاف نے واک آؤٹ کیا۔ اس دوران حزب مخالف نے کورم کی نشاندہی بھی کی لیکن افسر صدارت نے کارروائی جاری رکھی اور ملک امین اسلم کی تقریر کے بعد وہ ایوان میں واپس آگئے۔ کالا باغ ڈیم پر بحث کے دوران حکومت کے حامی سینیٹرز نے آبی ذخائر کی تعمیر کو ناگزیر قرار دیا۔ تاہم کچھ اراکین نے کالا باغ ڈیم کی فوری تعمیر کرنے پر زور دیا اور کچھ نے اتفاق رائے سے معاملات طے کرنے کی بات کی۔ دوسری جانب حزب اختلاف کے اراکین کا زور تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق بھاشا ڈیم پر اتفاق ہے تو پھر متنازعہ کالا باغ ڈیم بنانے کا اصرار کیوں؟ بحث جاری تھی کہ اجلاس کی کارروائی پیر کی شام تک ملتوی کی گئی۔ |
اسی بارے میں کالاباغ: امریکہ سے درخواست 29 December, 2005 | پاکستان ’نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے‘26 December, 2005 | پاکستان ’ کالاباغ تو بنے گا، آگے کی بات کریں‘21 December, 2005 | پاکستان کالاباغ ڈیم کی میڈیا مہم مسترد 19 December, 2005 | پاکستان ’غیرذمہ دارانہ بیان سےگریز کریں‘17 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||