دینی مدارس کے اتحاد کی دھمکی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں دینی مدارس کے اتحاد نے کہا ہے کہ مدارس میں پڑھنے والے غیر ملکی طلباء کو اکتیس دسمبر تک ملک بدر کرنے کی صدر جنرل پرویز مشرف کی ڈیڈلائن پر عمل نہیں کریں گے اور یکم جنوری کو اسلام آباد میں تمام مدارس کا ایک علماء کنونشن منعقد ہو گا جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ پاکستان کے سیکرٹری کوآرڈی نیشن حفیف جالندھری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے غیر ملکی طلبا کو نکالنے کا فیصلہ مدارس اور حکمران و اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی طلباء کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ امتیازی، جانب دارانہ، غیر آئینی اور غیر شرعی ہے۔ حنیف جالندھری نے کہا کہ مدارس میں پڑھنے والے طلباء کے پاس ویزے ہیں اور اپنے ممالک کے این وا سی بھی ہیں تو ان کو ملک بدر کیوں کیا جا رہا ہے اور نہ تو یہ طلبا کسی جرم میں ملوث ہیں اور نہ ہی غیر قانونی سرگرمیوں میں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کے زیر اہتمام علماء کنونشن میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی مدعو کیا جائے گااور حکومت پر اس فیصلے کو واپس لینے کے لیے سیاسی و دینی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا۔ حنیف جالندھری نے کہا کہ مدارس کے رہنماء گزشتہ چار ماہ سے صدر جنرل پرویز مشرف سے اس مسئلے پر ملاقات کے لیے وقت مانگ رہے ہیں مگر انہیں وقت نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی مدارس میں سات سو سے زائد غیر ملکی طلباء زیر تعلیم ہیں جن کو واپس نہیں بھیجا جائے گا۔ واضح رہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے چار ماہ قبل جب غیر ملکی طلباء کو مدارس سے نکلنے کے لیے ڈیڈ لائن دی تھی تو اس وقت سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں چودہ سو غیر ملکی طلباء زیر تعلیم تھے اور اب تک سات سو سے زائد طلباء کو ملک بدر کیا جا چکا ہے تاہم اتحاد تنظیمات مدارس کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے طلباء اپنی مرضی سے واپس گئے ہیں اور مدارس نے ابھی تک کسی بھی طالبعلم کو ملک بدر نہیں کیا ہے۔ | اسی بارے میں مدارس، مساجد کا اندراج شروع08 August, 2005 | پاکستان مدارسی اصلاحاتی بورڈ سے انکار 17 May, 2005 | پاکستان سرحد میں دینی مدارس کا اندراج12 January, 2005 | پاکستان مدارس رجسٹریشن پر راضی: وزیر16 August, 2005 | پاکستان پاکستان: مدارس کا اندراج شروع24 August, 2005 | پاکستان ’مدارس کا اندراج نہیں کرائیں گے‘12 September, 2005 | پاکستان اندراج پر مدارس کا اجلاس12 September, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||