زلزلہ: ورلڈ بینک سے قرض کا معاہدہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمعرات کے روز عالمی بینک اور حکومت پاکستان نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت عالمی بینک آٹھ اکتوبر کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کے بعد پاکستان کو بحالی اور تعمیر نو کے لیے چالیس کروڑ ڈالر قرضہ دے گا۔ اقتصادی امور کی ڈویژن کے سیکریٹری خالد سعید اور عالمی بینک کے شعبہ آپریشن کے مشیر عابد حسن نے اس معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق آسان شرائط پر ملنے والا یہ ’سافٹ لون‘ پاکستان کو پینتیس برس میں ادا کرنا ہوگا اور فریقین کی رضامندی سے ادائیگی کی مدت میں مزید دس سال کی توسیع کی جاسکتی ہے۔ اس قرض پر پاکستان کو کوئی سود تو نہیں دینا پڑے گا لیکن 0.75 فیصد ’سروس چارجز‘ اور0.50 فیصد سالانہ ’کمٹمینٹ چارجز‘ (committment charges) کے طور پر ادا کرنے ہوں گے۔ چالیس کروڑ ڈالر کے قرض پر دونوں مدوں میں اگر ان چارجز کو دیکھا جائے تو مجموعی طور پر سالانہ ایک اعشاریہ دو پانچ کی شرح سے قابل ادا رقم پچاس لاکھ ڈالر بنتی ہے اور پاکستانی روپوں میں یہ رقم سالانہ تیس کروڑ روپے بنتی ہے۔ اس طرح اگر پاکستان مقررہ مدت یعنی پینتیس برس میں چالیس کروڑ ڈالر واپس بھی کرلے تو اس مدت کے دوران پاکستان ان چارجز کی مد میں پچاس لاکھ ڈالر سالانہ کے حساب سے ساڑھے سترہ کروڑ ڈالر یعنی دس ارب پچاس کروڑ روپے ادا کرچکا ہوگا۔ اس رقم خرچ کو کرنے کے لیے طریقہ کار بھی عالمی بینک نے طے کیا ہے۔ معاہدے کے مطابق اکیس کروڑ ڈالر گھروں کی تعمیر اور متاثرہ افراد کو بہتر تعمیراتی تربیت وغیرہ پر خرچ کرنے ہوں گے۔ ساڑھے آٹھ کروڑ ڈالر متاثرہ افراد کو زندہ رہنے کے لیے امداد دینے پر خرچ کرنے پڑیں گے۔ جس کے تحت چھ ماہ تک فی خاندان تین ہزار روپے ماہانہ نقد رقم بھی دی جا سکے گی جبکہ اتنی ہی رقم پاکستان انتہائی ضروری اشیاء کی درآمد پر خرچ کر سکے گا۔ عالمی بینک کے اس سافٹ لون میں سے دو کروڑ ڈالر نگرانی، عملدرآمد کے اقدامات اور فوری امداد وغیرہ پر خرچ کرنے ہوں گے۔ |
اسی بارے میں تعمیرِنو: امدادی رقم میں اضافہ21 November, 2005 | پاکستان ’امداد میں کمی آرہی ہے‘13 December, 2005 | پاکستان زلزلہ: رضاکاروں کی دلچسپی میں کمی 06 December, 2005 | پاکستان ’نوّے فیصد خیمے غیر موزوں‘02 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||