BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 04 November, 2005, 18:47 GMT 23:47 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بچوں کوصدرمشرف کا طویل انتظار

بالا کوٹ
بچوں کو متاثرین کے مختلف کیمپوں سے صبح سات بجے لایا گیا تھا
غیر سرکاری تنظیموں اور فوج کے اشتراک سے چلنے والے ایک خیمہ سکول میں بالا کوٹ کے زلزلے سے متاثرہ بچوں کو عید کے روز صبح سے سہ پہر تک صدر جنرل پرویز مشرف کے انتظار میں رکھا گیا۔

بچوں کو زلزلہ کے متاثرین کے لیے بنائے گئے مختلف کیمپوں سے صبح سات بجے لایا گیا تھا کہ صدر مشرف یا ان کی اہلیہ بچوں کو عید کے تحائف پیش کرینگے اور اس حوالے سے پاکستان کے سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز کے لوگ بھی اپنے اپنے سازوسامان کے ساتھ اس ’ اہم ‘ موقع کو سامعین تک براہ راست پہنچانے کے لیےمستعد کھڑے تھے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی پر کافی عرصہ بچوں میں ایک ڈرامہ سیریز ’عینک والا جن‘ مقبول رہی۔ اس سیریز کے اداکار بالا کوٹ بلائے گئے تھے اور خیال تھا کہ صدر اور ان کی اہلیہ خیمہ سکول میں بچوں کے ساتھ ان کی پرفارمنس دیکھیں گے۔

فوج کے کئی جوان دن بھر بچوں کو قابو کرنے میں مصروف رہے لیکن بچے تھے کے تھوڑی تھوڑی دیر بعد خیموں میں قائم اپنے کلاس رومز سے نکل آتے۔ دن کے بارہ بجے کے قریب بچوں کو بھوک نے ستانا شروع کیا تو فوجی ان میں سے کچھ کو قریب ہی واقع اپنے کیمپ میں لے گئے اور تھوڑا بہت کھانا کھلایا۔

بچوں کے لیے ڈرامے کا انتظام کیا گیا جو صدر مشرف کے جانے کے بعد دکھایا گیا

بچوں کا دل بہلانے کے لیئےکچھ غیر سرکاری تنظیموں کےکارکن وقتاً فوقتاً انہیں کھیلنے کے لیےکوئی نہ کوئی کھلونا دے دیتے۔ تین بجے کے قریب صدر مشرف اور ان کی اہلیہ آئے اور وقت کی کمی کی وجہ سے وہ صرف ایک نئے شادی شدہ جوڑے کے خیمے میں ہی جا سکے۔

یاد رہے کہ ایک غیر سرکاری تنظیم پتن کی طرف سے قائم ایک خیمہ بستی میں گزشتہ منگل کو اٹھارہ سالہ رفعت اور چھبیس سالہ ابرار شاہ کی شادی انجام پائی تھی۔ صدر نے دلہن کو جیولری کا ایک سیٹ اور دلہا کو کپڑے اور سلامی میں پانچ ہزار روپے دیے۔نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور چل دیے۔

صدر نو بیاہتا جوڑے کو مبارکباد دینے کے لیےآتے جاتے خیمہ سکول کے پاس سے گزرے لیکن صبح سے منتظر رکھے گئے بچوں کو ملے بغیر چلے گئے۔ جاتے جاتے صحافیوں کے یاد دلانے پر صدر نے فی بچہ دو دو ہزار روپے عیدی کا اعلان کر دیا۔

صدر مشرف اورر ان کی اہلیہ صرف اس نو بیاہتہ جوڑے کے خیمے ہی میں گئے

صدارتی جوڑے کے جانے کے بعد بچوں کو ’عینک والا جن‘ ڈرامہ دکھایا گیا لیکن وہ تمام تحائف جو صدر مشرف یا ان کی اہلیہ نے بچوں میں تقسیم کرنے تھے فوجی گاڑی میں واپس روانہ کر دیے گئے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد