اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جھٹکے درمیانے درجے کے تھے۔ یہ جھٹکے گزشتہ سنیچر کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے سلسلے کی کڑی بتائے جاتے ہیں۔ ان جھٹکوں کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے نے پاکستان کے شمالی علاقوں کے ان لوگوں کو شدید خوفزدہ کر دیا جو سنیچر کو آنے والے زلزلے کی تباہ کاریوں کے اطلاعات سے پہلے ہی انتہائی ہراساں ہیں۔ سنیچر کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب تک کی اطلاعات کے مطابق 23000 سے تجاوز کر چکی ہے اور ابھی ایسے بھی علاقے ہیں جن تک رسائی نہیں ہو سکی یا جہاں ابھی منہدم مکانات اور عمارتوں سے لاشیں نکالنے کا کام مکمل یا شروع ہی نہیں ہو سکا۔ پاکستان میں سنیچر کے بعد سے گزشتہ چھ دن کے دوران اب تک انتالیس ایسے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں جن کی شدت ریکٹر سکیل پر چار اعشاریہ دو سے سات اعشاریہ چھ کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے۔ دریں اثنا سیکٹر ایف ٹین میں واقع نو منزلہ مارگلہ ٹاورز کے زلزلے سے منہدم ہونے والے دو بلاکوں کے ملبے سے بتیس لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں مزید لاشیں نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ملبے سے اب تک 86 افراد کو زندہ نکالا جا چکا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||