زلزلہ: متاثرین کے لیے یورپی امداد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یورپی یونین نے جنوبی ایشیاء میں زلزلے کے متاثرین کے لیے ہنگامی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین کے مطابق اگر متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والے اداروں نے درخواست کی تو تین ملین یورو کی امدادی رقم فوری طور پر جاری کر دی جائے گی۔ یورپی یونین کے امدادی شعبے کی سربراہ لوئی مِشل نے امید ظاہر کی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ حالات بہتر ہوں گے۔ ’لیکن ہمیں خدشہ ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے اور اس صورت میں فوری طور پر عالمی امداد کی ضرورت ہو گی۔‘ ترجمان کے مطابق یورپی یونین کا امدادی شعبہ علاقے میں کام کرنے والے دو تنظیموں میڈسن ساں فرانٹیئرز اور انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈکراس سے بحران سے متعلق رابطے میں ہے۔ ’امدادی رقم اور سامان کا انحصار ان تنظیموں کی رپورٹ پر ہے‘۔ دوسری طرف پاکستان کے وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے کہا ہے کہ جاپان کی حکومت زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کے لیے ماہرین اور ضروری سامان مہیا کرے گی۔ ’متاثرہ علاقوں میں امدادی کام سرانجام دینے کے لیے ضروری سامان سے لیس ایک جاپانی ٹیم اگلے چوبس گھنٹوں میں پاکستان پہنچ جائے گی۔‘ پاکستان میں جاپان کے سفیر نوبوکی تناکا نے اسلام آباد میں زلزلے سے متاثرہ ہونے والے مارگلہ ٹاور کا دورہ کیا اور جانی و مالی نقصان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||