کراچی ناظمین: اکثریت کے دعوے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کی سٹی ناظم کے لیے سیاسی جماعتوں نے اکثریت حاصل ہونے کے دعووں کا سلسلے شروع کردیا ہے۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ان کے گروپ کے ایک ہزار تین سو باسٹھ کونسلرز کامیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کسی بھی گروپ کے پاس واضح اکثریت نہیں ہے۔ متحدہ کے حمایت یافتہ حق پرست پینل کے کراچی سٹی ناظم کے امیدوار مصطفیٰ کمال اور نائب ناظم کی امیدوار نسرین جلیل نے جمعرات کی شام ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سٹی کونسل کے لیے کل ووٹروں کی تعداد دو ہزار تین سو چودہ ہے۔ جس میں سے تیرہ سو باسٹھ ووٹرز خالصتاً حق پرست پینل سے تعلق رکھتے ہیں یہ ووٹ مطلوبہ سادہ اکثریت سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے گروپوں، برادریوں اور آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے ایک سو پچانوی کونسلرز بھی حق پرست پینل میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں۔ اسی طرح سے خوشحال پاکستان کے کونسلرز بھی حق پرست پینل کو ووٹ دینگے جبکہ ایک سو پندرہ دیگر آزاد کامیاب کونسلروں نے بھی حق پرست پینل کو وٹ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس طرح حق پرست ناظمین کو سترہ سو سے زائد ووٹ حاصل ہونگے۔ مصطفیٰ کمال اور نسرین جلیل نے بتایا کہ بعض کونسلرز، ناظمین اور نائب ناظمین نے حق پرست پینل کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ جس کے بعد حق پرست پینل کو واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب الخدمت گروپ کے امیدوار سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جیتننے کے لیے جتنے ووٹ درکار ہیں ہمیں حاصل ہیں۔ موجودہ وقت کسی بھی گروپ کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہے۔ نعمت اللہ خان نے واضح کیا کہ وہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار ہیں پی پی پی بھی انہیں کی حمایت کریگی۔ بارگینگ کے لیے انہوں نے اپنا امیدور کھڑا کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے عوام دوست پینل کی ناظم کی امیدوار فوزیہ وہاب نے بی بی سی کو بتایا عوام دوست پینل کے کتنے کونسلرزہیں وہ یہ نہیں بتائیں گی۔ مگر ان کی اطلاع کے مطابق ایم کیو ایم کے صرف ساڑھے آٹھ سو کونسلرزہیں۔ کیا عوام دوست پینل کے کونسلر ایم کیو ایم سے زیادہ ہیں تو انہوں نے کہا کہ نہیں اس سے کم ہیں۔ فوزیہ کے مطابق کسی بھی گروپ کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا پی پی پی سٹی ناظم کے لیے مقابلہ کریگی یا اس کے امیدوار دستبردار ہونگی۔ تو انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار ہوگا۔ پی پی پی امیدوار اس کے حق میں دستبردار ہوسکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||