پشاور: حِسبہ بل کے خلاف مظاہرہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کی اسمبلی میں متنازعہ حسبہ بل پر گرما گرم بحث جاری ہے جبکہ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے سینکڑوں کارکنوں نےاس بل کے خلاف اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلائے۔ توقع ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی صوبائی حکومت جمعرات کی شام تک بحث سمیٹتے ہوئے یہ بل منظور کرا لے گی۔ سرحد اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو حزب اختلاف کے اراکین نے حسبہ نامنظور کی سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ بحث کے دوران دوپہر دو بجے کھانے کے وقفے سے پہلے تک حزب اقتدار اور اختلاف کے چودہ اراکین اس بحث میں حصہ لے چکے ہیں۔ دونوں جانب سے اراکین مدلل انداز میں اس مجوزہ ادارے کے بارے میں تقاریر کر رہے ہیں۔ اپوزیشن ارکان اسے متوازی قوانین جبکہ سرکاری بنچ اسے مسائل میں گھرے عوام کے لیے نجات کا ذریعہ قرار دے رہے ہیں۔ اسمبلی کے باہر مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے سینکڑوں کارکنوں نے اس بل کے خلاف احتجاج کیا۔ سیاہ بینر اور جماعتی پرچم اٹھائے ان سیاسی کارکنوں نے حسبہ اور ایم ایم اے کے خلاف نعرہ بازی کی اور سڑک پر ٹائر بھی جلائے۔ تاہم بعد میں ان جماعتوں کے اسمبلی اراکین نے باہر آکر انہیں یقین دلایا کہ وہ اس بل کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ بدھ کے روز گورنر سرحد خلیل الرحمان کی جانب سے صوبائی حکومت کو تنبیہ کے بعد رات گئے ان کے بیان میں چند سطور کا اضافہ اخبارات کو جاری کیا گیا جس میں پاکستان خصوصا صوبہ سرحد کی عوام سے اس بل کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی گئی تھی۔ بل پر بحث سہہ پہر چار بجے دوبارہ شروع ہوگی جس کے دوران توقع ہے کہ یہ بل ایم ایم اے اپنی اکثریت کے بل بوتے پر منظور کرا لے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||