عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 |  مالک کا کہنا ہے کہ مسلح افراد بھتے کا مطالبہ کر رہے تھے |
صوبہ بلوچستان کے شہر مچھ میں نا معلوم افراد نے لیویز کی ایک چوکی کو آگ لگا دی اور اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر کوئلے کی ایک کان پر قبضہ کر لیا ہے اور انتظامیہ نے نیم فوجی دستے اس علاقے کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں۔ لیویز کے ایک اہلکار نے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ کوئٹہ سے کوئی اسی کلومیٹر دور جنوب میں مچھ کے علاقے مارگٹ میں مسلح افراد کل رات سے جمع ہونے شروع ہو گئے تھے اور صبح کے وقت انھوں نے لیویز چوکی پر ہلہ بول دیا۔ مسلح افراد نے لیویز چوکی کو مبینہ طور پر آگ لگا دی اور اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر انھیں مچھ بھیج دیا۔ مچھ اور مارگٹ کا علاقہ کوئلے کی کانوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے جہاں اس وقت ایک اندازے کے مطابق کوئلے کی چودہ سے پندرہ کمپنیاں ہیں۔ کوئلے کی جس کمپنی پر نا معلوم افراد نے قبضہ کیا ہے اس کے مالک بابو رفیق نے مارگٹ سے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ مسلح افراد ان سے بھتہ مانگتے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ ان مسلح افراد نے کوئلے کی کان پر قبضہ کر رکھا ہے وہ کان میں تعینات عملے اور مزدوروں کو نکال رہے ہیں۔ مچھ سے صحافی ندیم کوثر نے بتایا ہے کہ کوئی تین سو افراد نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جہاں اس وقت قانون نافذ کرنے والے اہلکار موجود نہیں ہیں۔ اس بارے میں لیویز کے ڈائریکٹر میجر ریٹائرڈ انجم نے کہا ہے کہ یہ مالکان کا مسئلہ ہے اس میں حکومت سے کوئی مخالفت نہیں ہے۔ تاہم یہاں یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اس علاقے میں فرنٹیئر کو ر یعنی نیم فوجی دستے روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔ |