لیویز کے دو اہلکار حملے میں ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں اتوار کو ایک حملے میں مقامی پولیس یا لیویز کے دو اہلکار ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے بقول حملے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی لیکن دو حملہ آور گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ یہ حملہ اتوار کی دوپہر اورکزئی اور خیبر ایجنسیوں کی سرحد پر واقع غزدرہ کے مقام پر ایک چیک پوسٹ پر تعینات دو لیویز اہلکاروں پر ہوا۔ حملے میں امین علی اور حبیب علی دونوں موقع پر ہلاک ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے بعد میں ایک مقامی قبائلی کے مکان میں پناہ لے لی لیکن آج انہیں مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ایک حملہ آور غیرملکی تھا۔ قبائلی علاقوں میں سکیورٹی امور کے سیکریٹری محمود شاہ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اس واقعہ کا القاعدہ سے تعلق نظر نہیں آتا لیکن صورتحال تفتیش کے مکمل ہونے کے بعد واضح ہوسکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہوسکتی ہے۔ اورکزئی کا علاقہ جنوب میں وزیرستان کے علاقے سے تقریبًا دو سو کلومیٹر دور ہے جہاں پاکستانی فوج القاعدہ کے خلاف جنگی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اس سال مارچ سے لے کر اب تک کی جھڑپوں میں تقریبا دو سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||