کراچی میں ہلاکتوں کے بعد ہنگامے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ میں سنی تحریک کے تین کارکنوں کی ہلاکت کے بعد شہر میں ہنگامہ شروع ہوگیا ہے ۔ مشتعل ہجوم نے تین گاڑیوں کو بھی نظر آتش کر دیا ہے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رات گئے ایم اے جناح روڈ پر سنی تحریک کے تین کارکنوں قتل ہوگئے تھے ۔ جن میں فیض الحسن اور محمد اشرف نے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا جبکہ محمد دانش صبح کو زخموں کے تاب نے لاکر فوت ہوگئے۔ جمعرات کی صبع ہوتے ہی مشتعل لوگوں نے ایم ایم اے جناح روڈ پر مختلف مقامات پر تین بسوں کو نظر آتش کر دیا ۔ نامعلوم افراد نے فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں رنچھوڑ لائن، گارڈن جوڑیا بازار، کھارادر، نیوکراچی، جناح مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں کاروبار بند ہوگیا۔ فائرنگ میں پانچ افراد کی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سنی تحریک کے سربراہ محمد عباس قادری نے کہا ہے کہ ان کے کارکنوں کی ’شہادت‘ کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ہماری پر امن پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے‘۔ انہوں نے کہا کہ اگر ’میں نے کارکنان کو فری ہینڈ دے دیا کہ سیکٹر آفس بند کرکے ان دہشتگردوں سے مقابلہ کرو تو انہیں بھاگنے کی بھی مہلت نہیں ملے گی‘۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں ہمارے کارکنوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ محمد عباس قادری کا کہنا تھا کہ جب سے متحدہ قومی موومنٹ کی حکومت آئی ہے اہلسنت کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے۔ دو سری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سنی تحریک کے لوگوں نے رنچھوڑ لائن میں ان کے دو کارکنان عمران اور ایاز کو زخمی کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رنچھوڑ لائن میں کی گئی دہشتگردی کا مقصد شہر کا امن تباہ کرنا ہے تاکہ بلدیاتی انتخابات کو سبوتاز کیا جائے اور شہر کے امن کو تباہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکام سے اپیل کرتے ہیں کے امن تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ منگل کی شام کو نامعلوم لوگوں نے سنی تحریک کے دفتر پر حملے کیا تھا جس میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی تھی۔ سنی تحریک نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے دفتر کو جلانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ جبکہ ایک کار کو بھی جلایا گیا تھا۔ بعد میں علاقے میں فائرنگ میں چار افراد زخمع ہو گئے تھے ۔ پولیس نے بدھ کے روز صبح کے وقت چھاپہ مار کر سنی تحریک کے ایک مقامی رہنما آصف ڈھاگا کو گرفتار کر لیا۔ جس وجہ سے بوہرا پیر، رنچھوڑ لائن، چونا بٹھی کے علاقے میں بدہ کے روز بھی دکانیں بند رہیں۔ کشیدگی کے پیش نظر علاقے میں پولیس اور رینجرز تعینات کردی گئی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||