عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 |  ہلاک ہونے والوں میں کراچی کے کلاکوٹ تھانے کے ایس ایچ او شامل تھے |
کراچی پولیس نے بلوچستان کے علاقے حب میں مبینہ طور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی ہے جس میں ایک انسپکٹر سمیت چار افراد ہلاک اور بیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آج علی الصبح پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بلوچستان کے علاقے حب میں رحمان ڈکیت نامی جرائم پیشہ گروپ کے ایک اڈے پر چھاپہ مارنا چاہا کہ اچانک اس مکان کی چھت پر موجود افراد نے فائرنگ شروع کردی اور راکٹ داغے۔ فائرنگ کے تبادلے میں کراچی کے کلاکوٹ تھانے کے ایس ایچ او ایک ڈرائیور اور راہگیر سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دو پولیس افسر اور رینجر کے میجر سمیت بیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سندھ کے وزیر داخلہ رؤف صدیقی نے کہا ہے کہ ملزمان اندھیرے اور فائرنگ کا سہارا لیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں تاہم پولیس نے اس علاقے سے کوئی پینتیس افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔ یہاں یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ جس مکان میں رحمان ڈکیت رہائش پذیر تھا اسے وائٹ ہاؤس کہا جاتا ہے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہاں آگ لگ گئی تھی جس بعد میں بجھا دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس مکان سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ |