’امریکی حکومت انکوائری کرے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی جریدے نیوز ویک کی طرف سے خیلج گوانتانامو میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کی رپورٹ پر معافی کے باوجود پاکستان امریکہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس سلسلے میں انکوائری کرائے اور اس انکوائری کے نتائج پاکستان کو بتائے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان جلیل عباس جیلانی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ حکومت پاکستان نے نیوز ویک کی طرف سے معافی کا نوٹس لیا ہے مگر پھر بھی پاکستان چاہتا ہے کہ اس بارے میں انکوائری کرائی جائے۔ ادھر اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی حکومت ان الزامات کی تحقیق کر رہی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ قرآن کی خلیج گوانتانامو کے فوجی قیدخانے میں بے حرمتی کی گئی ہے۔اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکہ نے کسی طور قرآن کی بے حرمتی جیسے مذموم اقدام کی اجازت نہیں دی۔ امریکی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مبینہ بے حرمتی امریکی صدر جارج بش کے دو ہزار ایک کے فوجی حکم کی خلاف ورزی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ گوانتانامو میں قید افراد کو ان کے مذہبی فرائض ادا کرنے کی مکمل آزادی ہو گی اور ان کو ساتھ انسانیت کے اصولوں کے تحت سلوک روا رکھا جائے گا۔ سفارتخانے نے دعوی کیا کہ امریکی دفاعی ادارہ اس سلسلے میں تمام الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے اور اگر کوئی اس بارے میں ملوث پایا گیا تو اس کو اپنے کئے کی سزا ملے گی۔ تاہم پاکستان کی دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد کا کہنا ہے کہ نیوز ویک کی معافی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے شواہد انٹرویو، وڈیو اور تصاویر پر موجود ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ستائیس مئی کو مجلس عمل کی کال پر قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف یوم احتجاج کے موقع پر گوانتانامو کے کچھ سابق قیدیوں کو پیش کریں گے جو گوانتانامو بے میں مسلمانوں کی مذہبی توہین کے واقعات بیان کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی پیر کو ایک پریس ریلیز میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام اس معاملے کی انکوائری کروائیں اور اس واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ پی پی پی کے ترجمان نے کہا کہ اس مبینہ بے حرمتی کے واقعہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||