BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 30 April, 2005, 23:05 GMT 04:05 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
قومی اسمبلی: صدر نے اجلاس بلا لیا

قومی اسمبلی
صدر مشرف نے اجلاس دو مئی کو بلایا ہے
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے دو مئی کو پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

متحدہ مجلس عمل کے رہنما لیاقت بلوچ نے صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کے اس اجلاس بلانے کے حکم کو غیر آئینی قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق ہر پارلیمانی سال کے آغاز میں صدر پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے پابند ہیں اور ایسا کرنے سے قبل وہ اجلاس نہیں بلا سکتے۔

جبکہ حکومت ان کے موقف کو غلط قرار دے رہی ہے۔ وزیر قانون محمد وصی ظفر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ آئین کی شق کے مطابق صدر نئے پارلیمانی سال کے دوران کسی وقت بھی خطاب کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون کی رائے اپنی جگہ لیکن آئین کی شق چھپن کی ذیلی شق تین میں لکھا ہوا ہے کہ ’ قومی اسمبلی کے انتخابات کے بعد پہلے سیشن کے آغاز کے وقت اور ہر سال کے پہلے سیشن کے آغاز کے وقت صدر مملکت کا دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنا لازمی ہے اور وہ مجلس شوریٰ کو اجلاس بلانے کی وجوہات کے بارے میں بتانی ہیں‘۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حال ہی میں فلپائن کے دورے کے وقت وہاں کی پارلیمینٹ سے صدر نے خطاب کیا اور بڑے فخر سے سرکاری ٹی وی چینل اسے دکھا رہے تھے لیکن صدر اپنے ملک کی پارلیمینٹ کو خطاب کرنے سے شرما رہے ہیں۔

یہ بحث سینیٹ اور قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاسوں میں بھی ہوئی تھی اور حزب اختلاف نے حکومت پر آئین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔ جس پر پارلیمان امور کے وفاقی وزیر ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی نے کہا تھا کہ ایوان بالا یعنی سینیٹ کی تشکیل دیر سے ہوئی ہے اور نیا پارلیمانی سال گیارہ مارچ سے شروع ہوگا۔

جب سینیٹ کے چند روز قبل حزب اختلاف کی درخواست پر بلائے گئے اجلاس میں رضا ربانی نے معاملہ اٹھایا تو ڈاکٹر شیر افگن نیازی نے کہا کہ جب حکومت اجلاس بلائے گی اس سے پہلے صدر خطاب کریں گے۔

لیکن صدر کے دونوں مشترکہ ایوانوں سے خطاب سے قبل اب قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے تو حزب اختلاف والے ایک بار پھر حکومت پر غیر آئینی اقدام کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد