عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 |  نواب اکبر خان بگٹی |
پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اتوار کو نواب اکبر بگٹی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے اور ان کو بتایا کہ وہ کوشش کریں گے کہ مسئلے کو ایک دو روز میں سلجھا دیں۔ نواب اکبر بگٹی نے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اس مسئلے کا کیا حل ہے اور کیا کیا جا سکتا ہےجس پر نواب اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ اب مسئلہ کیا حل ہو گا۔ اکبر بگتی نے چوہدری شجاعت سے کہا کہ کیا وہ ساٹھ افراد جو ایف سی کی فائرنگ سے تین روز پہلے ہلاک ہو گئے ہیں زندہ ہو جائیں گے۔ نواب اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ اس کے باوجود کے مسلم لیگ قائداعظم جس کے صدر چوہدری شجاعت ہیں ان کے دور اقتدار میں ان کے ساتھ یہ ہو رہا ہے لیکن انھیں پھر بھی چوہدری شجاعت حسین پر یقین ہے کہ وہ مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں کیونکہ انھیں معلوم ہے کہ طاقت کہاں پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ آج ڈیرہ بگٹی میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا لیکن حالات انتہائی کشیدہ رہے۔نواب اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ علاقے میں خوراک کی کمی پیدا ہو گئی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ چلے گئے ہیں لیکن اب بھی ایک بڑی تعداد شہر میں موجود ہے۔ نواب اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ فضا میں جاسوسی کرنے والے طیارے گشت کرتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں کوئٹہ میں گورنر بلوچستان اویس احمد غنی نے کچھ صحافیوں سے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں حالات کشیدہ ہیں جہاں لگ بھگ پانچ ہزار قبائلی لوگوں نے مورچے سنبھال رکھے ہیں۔
|