علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 |  کالی پتنگیں اڑا کر محرم کے احترام کا اظہار کیا گیا |
مسلمانوں کے مقدس مہینے محرم میں بھی پتنگ بازی جاری ہے لیکن لاہور کے پتنگ بازوں نے سیاہ رنگ کی پتنگیں اڑا کر سوگ منایا۔ محرم کے احترام میں لاہور کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا تھا کہ پورے ہجری مہینے ’محرم‘ میں بسنت نہیں منائی جائے گی۔ اس لیے فروری کے آغاز ہی میں قبل از وقت بسنت منا لی گئی تھی۔ ایک طرف محرم کا تقدس بھی تھا تو دوسری طرف پتنگ باز بہار کا موسم بھی ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہتے تھے اس لیے اس محرم کے پہلے دس دنوں میں پتنگیں تو اتنی ہی تعداد میں اڑیں جتنی کہ فروری کے خوشگوار موسم میں اڑ سکتی ہیں۔ لیکن ایک فرق ضرور تھا اور وہ یہ کہ زندہ دلان لاہور نے محرم کے احترام میں سیاہ رنگ کے گڈے، گڈیاں، کپ ، پریاں اور پتنگ بڑے تعداد میں سپیشل آڈر دے کر بنوائے تھے۔
 |  محرم کا احترام اپنی جگہ پتنگ بازی اپنی جگہ |
ایک پتنگ باز محمد خالد مغل نے کہا کہ ’ایسا نہیں کہ پتنگ بازوں پر محرم کے احترام کے حوالے سے کوئی اثر ہی نہیں ہے اس لیے ایک ایسا راستہ ڈھونڈ لیا گیا ہے جس میں ان کے خیال کے مطابق پتنگ بازی بھی برقرار رہے اور پتنگ بازی کا شوق بھی پورا ہو جائے۔‘ لاہور میں موسم بہار ہو اور کوئی قومی تعطیل آجائے تو ممکن نہیں کہ پتنگ بازی کے شوقین پتنگ بازی نہ کریں۔ بہر حال ان نویں اور دسویں محرم کو آسمان پر پتنگیں کچھ کم تھیں لیکن کالی تھیں اور ساتھ ہی پتنگ بازوں کی منطق نرالی کہ ’ کالی پتنگ بازی بھی تو سوگواریت کی علامت ہیں۔‘ ان کا کہنا ہے کہ ایک مقامی موسمی تہوار کو مذہبی احترام اور عقیدت سے منانے کا اس سے بہتر اور کوئی راستہ نہیں تھا۔ |