برفباری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان بھر میں سخت سردی کی ایک اور لہر آ گئی ہے جو اتوار تک جاری رہے گی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت بلوچستان کے شہر قلات میں ریکارڈ کیا گیا جو کہ منفی گیارہ تھا جبکہ صوبے کے دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے آٹھ درجے نیچے رہا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر کو فجر کے وقت شمالی علاقہ جات، کشمیر، صوبہ پنجاب اور سرحد کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔ اسلام آباد میں پچیس ملی میٹر جبکہ منڈی بہاؤالدین میں بائیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مری اور گلیات کے علاوہ شمالی علاقہ جات میں برف باری جاری ہے اور ان علاقوں میں برف باری کے پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ مری میں اب تک مجموعی طور پر سولہ فٹ برف پڑ چکی ہے۔ کئی علاقوں سے کھانے پینے کی اشیاء میں قلت کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ برف باری کی وجہ سے اب بھی کچھ علاقوں کا رابطہ منقطع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر کی صبح تک اسلام آباد میں واقع مرگلہ کی پہاڑیوں کی چوٹی پر ایک فٹ جبکہ اردگرد چھ انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔ تاہم حکام کے مطابق اس وقت اسلام آباد میں برف باری نہیں ہو رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملک میں اس وقت موسم ابر آلود ہے اور امکان ہے کہ کشمیر، شمالی علاقہ جات، صوبہ پنجاب اور سرحد کے بالائی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||