کوئٹہ:120 کلو بارود برآمد،1 گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوئٹہ میں پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مار کر ایک سو بیس کلو سے زیادہ دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے اور ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ پرویز رفیع بھٹی نے بتایا ہے کہ اس دھماکہ خیز مواد سے کم سے کم تین سو دیسی ساخت کے بم بنائے جا سکتے ہیں۔ کوئٹہ کے مضافات میں آج صبح پولیس نے جب چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزم سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا لیکن کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پرویز رفیع بھٹی نے بتایا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور موقع سے دھماکہ خیزمواد کے علاوہ بیٹریز، ٹائمر اور کچھ تازہ بنے ہوئے بم قبضے میں لے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بم تخریبی کارروائیوں کے لیے استعمال کیے جا سکتے تھے۔ ڈی آئی جی نے بتایا ہے کہ ملزم کا تعلق مری قبیلے سے ہے لیکن فی الحال اس کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی کیونکہ اس کے توسط سے مزید گرفتاریوں کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے گزشتہ روز انسپکٹر جنرل پولیس چوہدری یعقوب نے بتایا تھا کہ خضدار اور سبی سے چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ لوگ بم دھماکوں، راکٹ باری، ریل پٹڑیوں اور بجلی کے پول پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||