 |  بھارت میں پانچ ملین سے زائد افراد ایڈز میں مبتلا ہیں |
پاکستانی ہیلتھ ورکرز ایڈز سے متاثرہ افراد کے علاج کی تربیت حاصل کرنے اس ماہ بھارت جائیں گے۔ شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ایڈز کے علاج کے طریقہ کار کے لیے بھارتی ماہرین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں تقریباً تین ہزار افراد ایڈز سے متاثر رپورٹ کیے گئے ہیں تاہم خیال ہے کہ حقیقی اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ پاکستان میں ایڈز کا شکار افراد کی تعداد بھارت کے متاثرہ افراد سے کافی کم ہے جہاں ایک اندازے کے مطابق پانچ ملین سے زائد افراد ایڈز میں مبتلا ہیں۔ پاکستان نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کی مینیجر عاصمہ بخاری کے مطابق پانچ ڈاکٹرز پر مشتمل ایک ٹیم اس ماہ ممبئی میں قائم ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسز کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک تفصیلی جائزے کے بعد اس مقصد کے لیے بھارت کا انتخاب کیا ہے کیونکہ دہلی میں ایڈز کا علاج کرنے والے ماہرین اور جدید ترین نظام موجود ہیں۔ اس ہفتے بھارت پہلی مرتبہ ایڈز ویکسین کا استعمال شروع کرے گا۔ اس سے قبل دو پاکستانی بچے دل کے امراض کے علاج کے لیے بھارت جاچکے ہیں۔ |