ہارون رشید بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ |  |
بلوچستان میں سوئی کے مقام پر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نیم فوجی دستوں نے کارروائی شروع کی ہے البتہ فوجی حکام اس کی تردید کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسی کے قریب فرنٹیر کور کے ٹرک سوئی پہنچے ہیں جبکہ ملک کی سب بڑی گیس فیلڈ کی لیبر کالونی میں فوجی کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ علاقے میں بجلی اور ٹیلفون بھی بند بتائے جاتے ہیں۔ تاہم پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان کسی کارروائی کی تردید کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا کشمور سے فرنٹیر کور کے لئے مزید کمک سوئی بھیجی گئی ہے۔ اس فوجی قافلے کی ایف سی کے اپنے ہیلی کاپٹر حفاظت کر رہے ہیں جوکہ ترجمان کے مطابق معمول کی کارروائی ہے۔ انہوں نہ واضح کیا کہ سوئی پلانٹ کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کل شام بگٹی قبیلے کے سربراہ نواب اکبر خان بگٹی کے بیٹے اور پوتے سمیت چھتیس افراد کے خلاف پلانٹ پر حملے کے الزام میں مقدمات درج ہونے کے بعد کسی تازہ حملے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ادھر قریب ہی کوہلو ضلع میں نامعلوم افراد نے کل رات ایف سی چوکی پر دس راکٹ داغے جن سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ایف سی جوانوں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ نامعلوم حملہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ |