مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد |  |
 |  کابینہ کے اجلاس کے بعد صدر جنرل مشرف نے بھی ایک اجلاس کی صدارت کی |
وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان میں سوئی اور دیگر مقامات پر گیس کی تنصیبات کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد صدر جنرل پرویز مشرف نے بھی پاکستان مسلم لیگ ( ق) کی حلیف جماعتوں کے سربراہوں کے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں بلوچستان کی صورت حال اور سوئی میں بگٹی قبائل کی مورچہ بندی سے پیدا ہونے والی کشیدگی پر غور کیا گیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس اور حکومت میں شامل جماعتوں کے سربراہوں کے اجلاس کو وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور خفیہ ایجنسیوں کے سربراہوں نے صورت حال سے آگاہ کیا۔ ان دونوں اجلاسوں کے بعد حکومت نے کہا کہ بلوچستان کی صورت حال پر قابو پانے اور بگٹی قبائل کی مورچہ بندی سے نمٹنے کے لیے ہر مکمن اقدام کیا جائے گا اور اس کے لیے تمام ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے پریس بریفنگ میں کہا کہ حکومت ہر قیمت پر سوئی کی تنصیبات کی حفاظت کرئے گی۔ سوئی میں موجود بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے ہارون رشید نے اطلاع دی ہے کہ علاقے کے لوگوں میں عام خیال یہی ہے کہ حکومت کو فوجی کارروائی کرنے والی ہے۔ اسی خدشے کے پیش نظر سینکڑوں کی تعداد میں بگٹی قبائل کے مسلح رضا کاروں نے سوئی کے اردگر پہاڑوں پر مورچہ بندی کر لی ہے۔ |