مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 |  صدر نے فوج کی امدادی کارروائیوں کو سراہا |
راولپنڈی میں کورکمانڈروں کی ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی صورت حال اور دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ صدرِ پاکستان جنرل پرویز مشرف کے زیرِ صدارت اس اجلاس میں فوجی کمانڈروں کو پاک بھارت مذاکرات، بین الاقوامی اور علاقائی صورت حال اور صدر کے لاطینی امریکی ممالک کے دورے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاکستان کی اندرونی سکیورٹی کے حوالے سے جنوبی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے جنوبی وزیرستان میں فوجی و سیاسی پالیسی ایک ساتھ اپنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں شرپسندوں کے خاتمے میں مدد ملی ہے۔ کانفرنس کے شرکاء نے فوج کی جنگی صلاحیت، تربیت اور اسلحہ کی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے بھی اظہارِ خیال کیا۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں سونامی سے ہونے والی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور حکومتِ پاکستان اور فوج کی طرف سے امدادی کارروائیوں کو سراہا۔ صدر پرویز مشرف نے فوج کے انجینیئروں کی طرف سے سکھر بیراج کی مرمت اور دیگر منصوبوں کی ریموڈلنگ کی تعریف کی اور کہا کہ فوج کی طرف سے اِن منصوبوں کی تکمیل سے سندھ کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ |