خانہ جنگی کا خطرہ ہے: فضل الرحمان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن پر بحث کی اجازت نہ ملنے کے خلاف حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگائے اور واک آؤٹ کیا۔ قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف مولانا فضل الرحمان نے بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیرستان میں فوجی آپریشن کی وجہ سے حالات خانہ جنگی کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان تو ہمارے ہاتھ سے نکل چکا ہے اور اب ہمار ی قبائیلی بیلٹ بھی رفتا رفتا ہمارے ہاتھ سے نکلتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم 1974 میں بنگال کی صورتِ حال کی سمت جا رہے ہیں بنگال میں بھی یہی کہا گیا تھا کہ ہماری جنگ انڈیا کی فوج کے خلاف ہے ہم ان کو باہر دھکیل دیں گے اور بالاخر پوری قوم باہر نکل آئی تھی اور عوام نے کہا کہ ہمیں ذلیل کیا گیا ہے۔ سات ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنوبی وزیرستان میں جاری کارروائیوں میں حکومت کا کوئی دخل نہیں ہے ۔ اس بارے میں فوجی ادارے ، جی ایچ کیو اور اس میں بھی آئی ایس آئی کے فیصلے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا نہ وزیر اعظم کو اور نہ ہی گورنر کو۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیوں سے خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کر رہی ہے ۔ پیر کی شام کو ہونے والے اجلاس میں جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے خلاف حزب اختلاف کی تمام جماعتوں نے بحث کرنے کے لیے علیحدہ علیحدہ چار تحاریک التویٰ پیش کیں۔ حکومت کی جانب سے ان تحاریک کی مخالفت کی گئی اور سپیکر نے انہیں خلاف ضابطہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ سپیکر کی رولنگ کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز، متحدہ مجلس عمل اور مسلم لیگ نواز اور دیگر جماعتوں کے اراکین اسمبلی اپنی نشستوں پر شیم شیم (یعنی شرمندہ ہو) کے نعرے لگاتے ہوئے کھڑے ہوکر احتجاج کرتے رہے۔ اراکین نے ”ظالموں جواب دو، خون کا حساب دو، وانا آپریشن بند کرو، لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی” جیسے نعرے لگائے اور واک آؤٹ کرکے ایوان سے باہر چلے گئے۔ قبل ازیں جب وقفۂ سوالات ختم ہوا تو حزب اختلاف کے اراکین لیاقت بلوچ اور اعتزاز احسن نے نکتۂ اعتراض پر کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے سترہویں ترمیم کے مطابق وردی اتارنے کو لازم قرار نہ دینے کے بیان کے متعلق تحاریک استحقاق اور جنوبی وزیرستان میں فوجی کاروائی کے خلاف تحاریک التویٰ پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ سپیکر نے اجازت دی جس کے بعد تمام جماعتوں کے نمائندوں بشمول جنوبی وزیرستان کے اراکین اسمبلی نے تحاریک التویٰ کے ضابطے کے مطابق ہونے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے اور حکومت نے فضائی حملے کر کے درجنوں افراد کو ہلاک کیا ہے اور لڑائی ابھی جاری ہے لہٰذا اس پر بحث کرائی جائے۔ حزب احتلاف کے اراکین نے الزام لگایا کہ امریکہ کو خوش کرنے کے لیے پاکستانی فوج اپنے ہی شہریوں کو ہلاک کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس سے فوج اور عوام میں کشیدگی بڑھے گی اور پاکستان کمزور ہوگا۔ انہوں نے فوری آپریشن بند کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ لیاقت بلوچ نے تجویز پیش کی کہ ایوان کی خصوصی کمیٹی بنائی جائے جو حقائق معلوم کرکے ایوان میں رپورٹ پیش کرے۔ حکومت کی جانب سے وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نیازی اور وزیر قانون وصی ظفر نے تحاریک التویٰ کی مخالفت کی اور کہا کہ قواعد کے مطابق جس معاملے پر چند ہفتے قبل بحث ہوچکی ہو اس پر دوبارہ بحث نہیں ہوسکتی۔ اس دوران وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں شدت پسند فوج پر حملے کر رہے ہیں اس لیے فوج جوابی کاروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو ستمبر کو ایک عسکری تربیت کی کیمپ پر بمباری کی گئی تھی جس میں لوگ بم چلانے کی تربیت لے رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے امریکی مفاد میں آپریشن کرنے اور بےگناہ افراد کے مارے جانے کے حزب اختلاف کے دعوے مسترد کردیے۔ وزیر کے بیان کے بعد حزب اختلاف کے رکن اسمبلی اعتزاز احسن نے کہا کہ قواعد کے مطابق جب کوئی وزیر کسی مسئلے پر بیان دے تو وہ ازخود مفاد عامہ کا معاملہ قرار پاتا ہے اور مفاد عامہ کے کسی بھی معاملے پر قواعد معطل کرکے بحث کی جاتی ہے۔ سپیکر نے ان کا نکتۂ نظر مسترد کردیا۔ حزب اختلاف کے واک آؤٹ کے بعد حکومت نے اجلاس کی کاروائی جاری رکھی تو حزب اختلاف کے رکن راجا پرویز اشرف نے کورم کی نشاندہی کردی۔ سپیکر نے گنتی کرائی اور کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس کی کاروائی ملتوی کردی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||