BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت:
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ہندو: سندھ میں اغوائیوں کے شکار

مغوی
کپیل شرنگی جہنیں اسکول جاتے ہوئے اغوا کیا گیا
دو سرکردہ شخصیات کے اغوا کے بعد کراچی سے لے کر کشمور تک ہندو برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔

پہلا اغوا لاڑکانہ کے تاجر سنتوش کمار کا ہے جنہیں دو ماہ قبل اغوا کیا گیا تھا۔
دوسرا واقع کپیل شرنگی کا ہے جنہیں پانچ روز قبل کراچی کے کلفٹن کے علاقےمیں سکول جاتے ہوئے اغوا کیا گیا۔

ہیمپٹن سکول میں آٹھویں جماعت کے طالب علم کپیل کا تعلق شہداد کوٹ سے ہے وہ کراچی میں پڑھائی کے لیے کلفٹن کے علاقے میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی رہائش گاہ بلاول ہاؤس کے سامنے بیچ بلیسنگ نامی بلڈنگ میں رہتا تھا۔

کپیل کے اغوا کے اثرات سرحد پار بھی ہوئے ہیں، اس کے نانا، چچا اور دو پھوپھیاں بھارت میں مقیم ہیں۔

نانا نارائن داس نواسے کے اغوا کا صدمہ برداشت نہ کر سکے اور بھارت کے شہر کٹنی میں انتقال کر گئے۔ چچا راجندر کمار دہلی سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ان کی پھوپھی وینا شرنگی سینئر براڈ کاسٹر ہیں اور اس وقت آل انڈیا ریڈیو میں ڈائریکٹر ہیں جبکہ دوسری پھوپھی شالنی بھی بھارت میں براڈکاسٹر ہیں۔ یوں اس خاندان کی ادب کے حوالے سے بھی ایک پہچان ہے۔

وینا شرنگی نے سندھ کے ادیبوں اور دانشوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بھتیجے کپیل کی بازیابی میں مدد کریں۔ ان کی اس اپیل کے بعد بعض سینئر سندھی ادیبوں نے حکومت سندھ کے اعلی حکام سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کپیل کے والد مہاراج رمیش لال کا کہنا ہے کہ وہ ٹیلیفون پر آنکھیں لگائے پوری پوری رات جاگتے رہتے ہیں کہ شاید کوئی رابطہ کرے لیکن تاحال کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو وطن میں رہنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

سنتوش
سنتوش اپنے خاندان میں کے چوتھے فرد ہیں جنہیں اغوا کیا گیا ہے

چودہ سالہ بچے کی والدہ اروشی کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ اسے اسکول چھوڑنے اور لینے جاتی تھیں لیکن بدقسمتی سے دو دن قبل وہ کسی کام سے شہداد کوٹ چلی گئیں اور پیچھے یہ واقع ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آخر کہاں جائیں؟ لاڑکانہ میں بدامنی کی وجہ سے بچے کو بہتر تعلیم نہیں دلا سکتے اسے لیے کراچی لے آئے تو یہاں ہم پر یہ قیامت ٹوٹ پڑی۔

لاڑکانہ کے مغوی تاجر سنتوش کمارکےخاندان میں اغوا کی یہ چوتھی واردات ہے۔ ان کے دادا کو تاوان کے لیے اغوا کر کے ڈاکوؤں نے قتل کر ڈالا تھا۔سنتوش کے دو بھائیوں کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔ جنہیں بعد میں ڈیل کے ذریعے رہائی نصیب ہوئی۔

سنتوش کمار ہندو پنچائت لاڑکانہ ضلع کے صدر اور چاول کے بڑے بیوپاری ہیں۔ ان کے اغوا کے خلاف چار دن تک نصیرآباد اور گرد و نواح کے قصبے بند رہے۔ چاول کی ڈھائی سو ملیں بطور احتجاج بند رہیں۔احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں روزانہ علامتی بھوک ہڑتال کی گئی۔ ان احتجاجوں کے نتیجے میں دو ڈی پی او بھی معطل ہوئے۔

کپیل کی والدہ
کپیل کی والدہ کو اس بات کا دکھ ہے کہ اگر وہ کراچی سے نہ جاتیں تو ان کا بیٹا شاید اغوا نہ ہوتا

جب ڈاکؤوں اور حکومت پر کوئی اثر نہیں ہوا تو سندھ کی روایات کے مطابق سنتوش کی رہائی کے لیے سیدوں، عورتوں اور چھوٹے بچوں پر مشتمل ایک قافلہ کچے کے علاقے میں بھیجا گیا۔ قافلے کے شرکا نے ہاتھوں میں پاک کتاب اٹھاکر کچے کے بند پر دھرنا دیا اور ڈاکؤوں کو بچوں اور خواتین کے واسطے دیے۔

ان دو وارداتوں کے علاوہ دو ہفتے قبل حیدرآباد اور کراچی کے درمیان سپر ہائی وے پر واقع تھانہ بولا خان میں ایک سینئر ہندو ڈاکٹر ٹیک چند کو شدید زخمی کردیا گیا تھا جو ابھی تک کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سنتوش کو ایک ڈیل کے تحت رہا کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لاڑکانہ میں قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی رہائی تاوان کی ادائیگی سے ہی مشروط ہے۔

ان واقعات کے خلاف کراچی سے کشمور تک اقلیتی برادری کے لوگ مختلف شہروں میں احتجاج، مظاہرے اور بعض اوقات شٹر ڈاؤن ہڑتالیں بھی کرتے رہے ہیں۔ لیکن تاحال نہ حکومت ملزمان کو گرفتار کر سکی ہے اور نہ ہی مغویوں کو رہا کرا سکی ہے۔

کپیل دیو کے اغوا نے صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے۔ گزشتہ روز سکھر میں بالائی سندھ کی ہندو پنچائتیوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اقلیتوں کے خلاف تشدد اور اغوا کی وارداتوں کی مذمت کی گئی۔ اور فیصلہ کیا گیا کہ ایک نمائندہ وفد صدر، وزیر اعظم اور وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کرے گا۔

قافلہ
سندھ کی روایت کے مطابق سیدوں، عورتوں اور بچوں پر مشتمل وفد دریائے سندھ کے کنارے بیٹھا ہے تا کہ اغوائی رحم کھا کر مغویوں کو چھوڑ دیں

ان کارروائیوں کی وجوہات کے بارے میں ہندو کمیونٹی کے نمائندوں کا خیال ہے کہ ہندو کمزور اور ڈرپوک ہیں اس لیے ان کے خلاف کارروائی کرنے میں آسانی ہو جاتی ہے۔

ہندو پنچائت تھانہ بولا خان کے ڈاکٹر ویرسی مل کہتے ہیں کہ ہندؤوں کے خلاف مذہبی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی طور پر کمزور ہونے کی وجہ سے کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

حالیہ ضمنی انتخابات میں وزیر اعظم شوکت عزیز کے مخالف امیدوار مہیش ملانی نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ہندؤوں کے خلاف یہ مظالم جاری رہے تو وہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

ہندو پنچائت سکھر کے صدر ایشورلال جنرل سیکریٹری دیوان چند چاولہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کلاشنکوف بردار دکان پر پہنچ جاتا ہے اور کہتا ہے کہ ایک لاکھ روپے دو ورنہ کل اس دنیا میں نہیں رہوگے۔

پروفیسر شمن لال سمجھتے ہیں کہ اگر یہ صورتحال جاری رہی تو حکومت کو اغوا برائے تاوان کے لیے انشورنس اور ڈیل کے محکمے قائم کرنے پڑیں گے۔

ہندو پنچائت لاڑکانہ کے نمائندے مکھی لوک چند نے کہا کہ ضیا دور میں جداگانہ انتخابات کا نظام رائج کر کےنفرت کا بیج بویا گیا۔ جس نے لوگوں کو الگ تھلگ کر دیا اور آہستہ آہستہ مقامی بااثر افراد نے ہم پر سے ہاتھ اٹھا لیا ہے اور ہم اکیلے ہوگئے ہیں اسی کے بعد ہندوؤں کے خلاف کارروائیاں شروع ہوئیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد