پیار کی شادی، چار افراد قتل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
خیرپور ضلع کے پیر گوٹھ کے علاقے میں پیر کو دو قبائل کے درمیان تصادم میں چار افراد قتل اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ سنیچر کو بھی علاقےمیں دو قبائل میں تصادم میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ تازہ ہلاکتوں کے بعد دو روز کے اندر اس علاقے میں قبائلی تصادم میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بارہ ہوگئی ہے۔ میتلو اور کاندھڑو برادریوں کےتصادم کی وجہ دو نوجوان زینب کاندھڑو اور نذیر میتلو کی پیار کی شادی بتایا جاتا ہے۔ پیر کی صبح کو پیر جو گوٹھ کے قریب گاؤں خلیفہ رمضان کاندھڑو میں دو بھائیوں مبارک اور محمد علی کاندھڑو کی لاشیں ملیں جن کو صبح سویرے قتل کردیا گیا تھا- اس واقعہ کے بعد کنگری کے قریب واقع میتلو برادری کے گاؤں پر حملے کئے گئے۔ جس کے نتیجے میں عبدالحسین میتلو اور محمد فرید میتلو ہلاک ہوگئے۔ اور کم از کم تین افراد زخمی ہوگئے۔ تصادم کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔خیرپور پولیس کے ترجمان کے مطابق علاقے میں پولیسں چوکیاں قائم کردی گئی ہیں اور رینجرز کی بھی مدد حاصل کرلی گئی ہے۔ پیرجوگوٹھ پولیس کے مطابق پولیس گزشتہ روز جاگیرانی اور سولنگی برادریوں کے جھگڑے کے بعد وہاں تعینات کی گئی پولیس نفری کو ٹنڈو مستی کے علاقے میں طلب کرلیا گیا- لیکن جاگیرانی اور سولنگی علاقے سے پولیس ہٹنے کے بعد دونوں قبائل میں جھڑپیں ہوئیں جس میں ایک شخص بخشل سولنگی ہلاک ہوگیا ہے- میتلو اور کاندھڑو قبائل کے درمیان گزشتہ تین ماہ سے ایک نوجوان جوڑی زینب کاندھڑو اور نذیر میتلو کی پیار کی شادی کے بعد کشیدگی پائی جاتی - ان دونوں نے گھر سے نکل کر شادی کی تھی اور اسے کاندھڑو قبیلہ قبول کرنے کے لئے تیار نہیں تھا- کاندھڑو قبیلے کا مطالبہ تھا کہ یہ کارو کاری کا معاملہ ہے لہذا لڑکی اور لڑکے کو ان کے حوالے کیا جائے- چند ہفتے قبل کاندھڑو قبیلے کے مسلح افراد نے گاؤں ٹنڈو میتلو پر حملہ کرکے تین خواتین حکیماں، ارشاد اور گڈی کو اغوا کر لیا تھا۔ لیکن بروقت اطلاع ملنے پر پولیس نے ان کو بازیاب کرا لیا تھا۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان تین ماہ سے کشیدگی جاری تھی۔ بعض معززین نے معاملے کو سلجھانے کی بھی کوشش کی تھی- لیکن پولیس اور حکومت کی جانب سے موثر اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے یہ جھگڑا بھڑک اٹھا اور چار جانیں ضائع ہوگئیں- |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||