خضدار: فائرنگ سے پانچ فوجی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے جنوب مغربی شہر خضدار میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں پانچ فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ خضدار کوئٹہ کے جنوب میں تقریباً تین سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار نے خضدار پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ایک گاڑی میں سوار کہیں جا رہے تھے کہ کچے کے علاقے میں ندی کے کنارے چند نامعلوم افراد نے گھات لگا کر کلاشنکوف سے فائرنگ کر دی جس سے پانچ اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ خضدار میں فوجیوں پر حملے کے حوالے سے ایک نا معلوم شخص نے زرائع ابلاغ کےدفاتر میں ٹیلیفون پر اپنا نام آزاد بلوچ بتایا ہے اور کہا ہے کہ وہ بلوچ لبریشن آرمی کا نمائندہ ہے۔ آزاد بلوچ نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتا ہے اور یہ تربت میں جاری فوجی آپریشن کا رد عمل ہے۔ تاہم سرکاری سطح پر اس تنظیم کے بارے میں کسی قسم کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔ تو اس تنظیم کے قائدین کا کچھ پتہ ہے اکثر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں راکٹ باری اور بم دھماکوں کی زمہ داری اس طرح نا معلوم افراد فون کرکے اس تنظیم کے نام سے ذمہ داری قبول کرتے رہے ہیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں خضدار میں واقع فوجی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان شوکت سلطان نے کہا کہ یہ دہشت گردی کی عام کارروائی ہے اور اس کا نشانہ پاکستانی فوج نہیں تھی۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے اور واقعہ کی چھان بین کر رہی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس جگہ سے ایک دستی بم بھی برآمد ہوا ہے۔ اس سے قبل سنیچر کے روز بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور قبائلیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں کم سے کم چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد مظاہرین نے کوئٹہ سے چمن جانے والی ریل گاڑی کو راستے میں روک لیا تھا اور پاک افغان سرحد بند کر دی گئی تھی۔ یہ جھڑپیں سنیچر کی صبح تین اور چار بجے کے درمیان اس وقت شروع ہوئیں جب قبائلی اپنے ایک رہنما جیلانی خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ قبائلیوں نے کوئٹہ سے چمن جانے والی ریل گاڑی کو شیلا باغ اور قلعہ عبداللہ کے درمیان روک دیا تھا اور قبائلی رہنما کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||