ضمنی انتخابات: تبادلوں پر پابندی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے جمعرات کو حکم جاری کیا ہے کہ اٹک اور تھرپارکر کے قومی اسمبلی کے ان حلقوں جہاں ضمنی انتخابات ہونے ہیں، اٹھارہ اگست تک افسران کے تبادلے نہ کیے جائیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی، پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کو اس حکم سے مطلع کر دیا گیا ہے۔ نامزد وزیراعظم شوکت عزیز کو رکن قومی اسمبلی منتخب کرانے کے لیے صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے حلقہ 59 اور صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے حلقہ 229 کی نشستیں خالی کرائی گئی ہیں جہاں سے وہ ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ دونوں حلقوں میں امیدواروں کے دستبردار ہونے کی آخری تاریخ بیس جولائی ہے جبکہ پولنگ اٹھارہ اگست کو ہوگی۔ سپریم کورٹ کے جج اور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے یہ حکم اس لیے جاری کیا ہے تاکہ شفاف انتخابات کو ان کے بقول یقینی بنایا جاسکے۔ یاد رہے کہ حزب اختلاف کے اتحاد ’اتحاد برائے بحالی جمہوریت، کے امیدوار کے طور پر اٹک سے ڈاکٹر سکندر حیات جبکہ تھرپارکر سے ڈاکٹر مہیش ملانی شوکت عزیز کے مقابل ہیں۔ واضح رہے کہ دونوں قومی اسمبلی کے حلقوں سے حزب اختلاف کے اتحاد ’اے آر ڈی، کے امیدواروں کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز سے ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||