پولیس مقابلہ: چار مبینہ ڈاکو ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضِلع ڈیرہ غازی خان میں ایک پولیس مقابلہ کے دوران چار مبُینہ ڈاکو ہلاک جبکہ ایک اعلیٰ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق جمعرات بعد از دوپہر چار نامعلوم ڈاکوؤں نے شہر ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقہ اڈا نوتک میں واقع نیشنل بینک آف پاکستان کی ایک شاخ کے عملہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بناتے ہوئے تمام افراد کو ایک ہی کمرہ میں بند کر دیا۔ بعدازاں ڈاکو کوئی ساڑھے آٹھ لاکھ روپوں کے قریب رقم سمیٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے کچھ ہی دیر بعد بینک کے ایک کھاتہ دار شوکت علی بینک کی عمارت میں داخل ہوئے تو عملہ کو غائب پا کر آوازیں دیں۔ جس پر کمرہ میں بند بینک کے عملہ نے اپنی موجودگی کا پتہ دیا۔ واقعہ کی اطلاع پاتے ہی پولیس کی ایک ٹیم نے ضِلعی پولیس افسر عثمان خٹک کی قیادت میں ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کردیا۔ پولیس کو اپنے پیچھے آتا دیکھ کر ڈاکوؤں نے قریبی بستی جام کے ایک خالی مکان میں پناہ لے لی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو دو مرتبہ ہتھیار پھینکنے کے لیے کہا گیا لیکن ایسا کرنے کی بجائے ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی - جِس کے نتیجہ میں عثمان خٹک زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں چاروں مورچہ بند ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ رات گئے تک پولیس مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت نہیں کر پائی تھی۔ اے ایس پی احسان منظور کے مطابق پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے پاس سے بینک سے لوٹی گئی رقم برآمد کر لی ہے۔ اِس کے علاوہ ڈاکوؤں کے قبضہ سے دو عدد دستی بم‘ ایک کلاشنکوف ‘ ایک رائفل ‘ دو پستول اُور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کیا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||