| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بینک ڈکیتی، دو ہلاک، دو زخمی
صوبۂ بلوچستان کے گاؤں ہرنائی میں بینک لوٹے جانے کی ایک واردات کے دوران گولیاں لگنے سے بینک مینیجراور ایک کھاتہ دار ہلاک اور بینک کا مخافظ اور ایک ڈاکو زخمی ہوگئے۔ زحمی ہونے والے ڈاکو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یہ واقعہ تحصیل ہرنائی کے گاؤں شاہ رگ میں پیش آیا ہے جو کوئٹہ کے مشرق میں تقریبا ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ شاہ رگ میں حبیب بینک کی ایک برانچ میں بدھ کی صبح دو نا معلوم افراد داخل ہوئے۔ ملزمان کا تیسرا ساتھی بینک کی عمارت کے باہر پہرہ دیتا رہا۔ بینک میں گھس آنے والے دونوں ڈاکوؤں نے بندوق کی نوک پر بینک کے مینیجر عبدالرازق کورقم نکالنے کا حکم دیا۔ ڈاکو رقم لے کر فرار ہونے والے تھے کہ بینک پر تعینات بینک کے ایک محافظ محمد شریف نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند گولیاں چلانی شروع کردیں۔ گولیاں لگنے سے بینک مینیجر عبدالرازق اور ایک کھاتہ دار عبدالواحد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ مزاحمت کرنے والا محافظ شریف زخمی ہوگیا اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ایک ڈاکو زخمی ہو گئے۔ محکمۂ داخلہ کے ایک افسر بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ پولیس نے ایک ڈاکو داد محمد کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی رقم بھی برآمد کر لی ہے۔ بینک کے حکام کا کہنا ہے ڈاکو لگ بھگ ڈھائی لاکھ روپے لے کر فرار ہورہے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||