ڈیرہ اسماعیل، تھانے پر حملہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ سرحد کے جنوبی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے ایک تھانے پر راکٹوں اور دستی بموں سے حملے میں سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق یہ حملہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بنوں روڈ پر سپورٹس سٹیڈیم کے قریب واقعے تھانہ صدر پر رات پونے دو بجے کے قریب ہوا۔ نامعلوم حملہ آوروں نے راکٹوں اور دستی بموں سے یہ کارروائی کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تین راکٹ اور تین دستی بم پھینکے گئے جن میں سے اکثر تھانے کی بیرونی دیوار کو لگے۔ البتہ ایک دستی بم تھانے کے صحن میں گرا جس سے محرر سمیت سات سپاہی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال لیجایا گیا ہے۔ تاہم تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں محمد دین، شیر علی، ہدایت اللہ، عالم خان، بشیر خان، منظور اور رحمت اللہ شامل ہیں۔ واقعے کے فورا بعد اعلیٰ پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ایس پی ڈیرہ سید خان وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے اس حملے کا تعلق وانا کی صورتحال سے ہے۔ اس سے قبل اسی ماہ ڈیرہ اسماعیل خان میں فرنٹیر کنسٹیبلری کے ایک اہلکار کے مکان کے باہر دھماکے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||