’کور کمانڈر پر حملہ جنداللہ نے کیا تھا‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیر اطلاعات شیخ رشید نے تصدیق کی ہے کہ کراچی میں کورکمانڈر لیفٹنٹ جنرل احسن سلیم حیات پر ہونے والے حملے میں ملوث آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک شدت پسند تنظیم جنداللہ کے دس گیارہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں جن میں سے آٹھ افراد گزشتہ دونوں کورکمانڈر کراچی کے قافلے پر ہونے والے حملے میں ملوث تھے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان آٹھ افراد میں سے دو نے وانا میں ازبک شہریوں سے تربیت بھی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل ان گرفتاریوں کا انکشاف جنہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے وزیر داخلہ فیصل صالح حیات اور وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے اتوار کو اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ شیخ رشید احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ بنیادی طور پر ان لوگوں کا تعلق القاعدہ تنظیم سے ہی ہے۔
گرفتار شدگان میں جنداللہ کے سرغنہ عطاء الرحمان اور نائب شہزاد بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گرفتار ہونے والے ایک شدت پسند کا نام شیخ رشید کے بقول ڈاکٹر اکمل وحید ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ شدت پسندوں کا ایک انتہائی سرگرم اور خطرناک گروہ تھا جس نے گزشتہ چند مہینوں میں کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں ایک تسلسل کے ساتھ شدت پسندانہ کارروائیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی قونصلیٹ پر حملے کے علاوہ یہ گروہ رینجرز اورگلستان جوہر میں ہونے والے واقعات میں بھی ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر پر حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں مارے جانے والے چھاپوں سے انہیں کچھ ایسے شواہد بھی ملے ہیں جن کی مدد سے وہ کوئٹہ میں عاشور کے جلوس پر ہونے والے حملے اور کراچی میں مفتی نظام الدین شامزئی اور مسجد الرضا پر ہونے والے حملے کے ملزمان تک بھی پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں عاشور کے جلوس اور پولیس والوں پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے شخص کا بھی انہیں پتہ چل گیا ہے۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں بھی جلد ہی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے سرکردہ رکن خالد شیخ محمد کے بھتیجے مصعب الروچی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الروچی کراچی کے واقعات میں تو ملوث نہیں تاہم ان کے سر کی قیمت دس لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے کراچی میں کور کمانڈر کی گاڑیوں کے قافلے پر گزشتہ ہفتے حملہ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||