BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 21 April, 2004, 10:08 GMT 15:08 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دیر آید درست آید

News image
قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حالیہ حالات اور واقعات نے اگر اور کچھ نہیں تو حکومتِ وقت پر یہ عیاں کر دیا ہے کہ ملک کے کسی علاقے کو زیادہ دیر تک ترقی کے دھارے سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔

حکومت کے پاس اگرچہ عوام تک رسائی اور انہیں اپنے موقف سے آگاہ کرنے کے بہت سے ذرائع اور راستے ہیں لیکن جنوبی وزیرستان میں وہ اپنے آپ کو قدرے بے بس پا رہی ہے۔

سکول، سڑکوں اور صحت کے میدان میں تو یہ علاقہ پسماندہ ہے ہی لیکن جس چیز کی کمی حکومت کے لئے بھی مسئلے کا باعث بنی ہے وہ ہے اس علاقے میں سرکاری ذرائع ابلاغ کی عدم موجودگی۔

News image
اس مقصد کے لئے حکومت بظاہر اب ہنگامی بنیادوں پر ان علاقوں تک سرکاری ریڈیو اور ٹیلیویژن کی نشریات پہنچانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ گورنر سرحد سید افتخار حسین شاہ نے سوموار کو پشاور میں ایک اجلاس میں وانا میں ٹی وی بوسٹر ہنگامی بنیادوں پر نصب کرنے کا حکم دیا ہے۔

ملک کے قیام کے چھپن برس بعد بھی ان علاقوں میں پاکستان ٹیلی وژن کی نشریات سیٹلائٹ کے بغیر نہیں دیکھی جا سکتیں۔ حکومت کو اس کمی کا احساس کتنی شدت سے ہوا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گورنر نے اس بوسٹر کے لئے وسائل بھی مہیا کرنے کی پوری یقین دہانی کرائی۔

حکومت نے گزشتہ دنوں قبائلیوں تک اپنی بات پہنچانے کی خاطر فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دستی اشتہارات یا پمفلٹ بھی گرائے۔ ان اشتہارات میں قبائلیوں سے حکومت کو فوج کے القاعدہ کے خلاف مدد کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

دوسری جانب القاعدہ کے مشتبہ حامی بھی کچھ کم نہیں تھے۔ انہوں نے بھی حکومت کی دیکھا دیکھی اردو زبان میں پمفلٹس تقسیم کئے جن میں فوجیوں سے مسلمانوں کے خلاف ہتھیار نہ اٹھانے کی اپیل کی تھی۔

لیکن ملک کے ایک ایسے دور دراز اور پسماندہ علاقے میں جہاں 1998 کی مردم شماری کے مطابق خواندگی کا تناسب صرف بیس فیصد ہے عوامی رائے اس طرح استوار کرنے کی ان کوششوں کو زیادہ مفید تصور نہیں کیا جا رہا۔

News image

ہیلی کاپٹروں کے ذریعے حکومت کی طرف سے اس طرح اپنے عوام تک رسائی کی کوشش سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے قبائلیوں کے دل جیتنے میں کتنی دقت کا سامنا ہے۔ ارادی یا غیر ارادی طور پر ملک کی چھپن سالہ تاریخ میں جنوبی وزیرستان حکام کی آنکھوں سے اوجھل رہا اور یہاں تک سرکار اور اس کے اہلکاروں کی نظر نہ پہنچ سکی۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ قبائلی علاقوں کی آخری جنوبی حد آج بھی سرکاری ٹیلی وژن اور ریڈیو کی نشریات سے محروم ہے۔

سرکاری اعداوشمار کے مطابق جنوبی وزیرستان کی گیارہ فیصد آبادی ٹی وی سے معلومات کے حصول کی ضرورت پوری کرتی ہے جبکہ چون فیصد آج بھی ریڈیو پر انحصار کرتی ہے۔ صرف نو فیصد اخبارات سے استفادہ کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں اس بات کا اندازہ لگانا کہ کتنے لوگ دستی اشتہارات پڑھ سکتے ہونگے کوئی مشکل کام نہیں۔

جنوبی وزیرستان میں بسنے والے پانچ لاکھ قبائلی اب امید کر رہے ہیں کہ دیر آید درست آید کی صورت میں ہی سہی اب تو انہیں یہ سہولت مہیا کر دی جائے گی۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد