ایف سی کا آپریشن، اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی کا دعویٰ

ایف سی کے مطابق برآمد کیے جانے والے اسلحہ و گولہ بارود میں دس آر آر کے 75 گولے بھی شامل ہیں
،تصویر کا کیپشنایف سی کے مطابق برآمد کیے جانے والے اسلحہ و گولہ بارود میں دس آر آر کے 75 گولے بھی شامل ہیں
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے سرحدی ضلع چاغی میں ایک کارروائی کے دوران اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق یہ اسلحہ چاغی کے علاقے شابیان سے برآمد کیا گیا۔

ایف سی کی جانب سے کوئٹہ میں میڈیا کو فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق خفیہ اطلاع پر اس علاقے میں شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوان بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جو کہ زیرِ زمین چھپایا گیا تھا۔

فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق برآمد کیے جانے والے اسلحہ و گولہ بارود میں دس آر آر کے 75 گولے، تین دستی بم اور سب مشین گنز کی 240 گولیاں شامل ہیں ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے اسلحے کا یہ ذخیرہ سکیورٹی فورسز کے خلاف اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کرنے کے لیے چھپایا تھا ۔

ترجمان کی جانب سے جو معلومات فراہم کی گئی ہیں ان میں آپریشن کے دوران کسی گرفتاری کا ذکر نہیں۔

ضلع چاغی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے مغرب میں واقع ہے اور اس کی سرحدیں ایران اور افغانستان دونوں سے ملتی ہیں۔

اس ضلع میں سکیورٹی ادارے پہلے بھی نہ صرف بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے بلکہ منشیات کی برآمدگی کا بھی دعویٰ کرتے رہے ہیں۔

ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اتوار کو ایک تاجر کے اغوا کا واقعہ بھی پیش آیا ہے۔

زرغون آباد پولیس کے ایک اہلکار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عبدالستار نامی تاجر کو نامعلوم افراد نے کلی الماس کے علاقے سے اغوا کیا۔

اس اغوا کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔

چند روز بیشتر کوئٹہ سے ہی ایک سینیئر ڈاکٹر کو بھی اغوا کیا گیا تھا جس کے خلاف ڈاکٹروں کا احتجاج جاری ہے۔