کیچ سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں بر آمد
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں بر آمد کی گئی ہیں۔
دونوں لاشیں جمعے کو ضلع کے علاقے پیدراک سے بر آمد کی گئیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
کیچ انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو جمعرات کے روز صبح دس بجے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔ اغوا کے چند گھنٹے بعد ان کو گولیا ں مارکر ہلاک کیا گیا تھا ۔
ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشیں پیدراک کے علاقے میں پھینک دی گئی تھیں جو ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے جنوب میں اندازاً پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ان کی لاشیں مقامی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں افراد کی شناخت ہوچکی ہے اور ان کا تعلق ضلع کیچ ہی سے ہے۔ دونوں کو اغوا اور ہلاک کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
ضلع کیچ سے چند روز قبل بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش بر آمد ہوئی تھی۔ کیچ کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں سے پہلے بھی لوگوں کی تشدد زدہ لاشیں بر آمد ہوئی ہیں۔
گذشتہ تین چار روز کے دوران نوشکی اور قلات کے اضلاع سے بھی دو افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی تھیں۔
بلوچستان میں سن 2008کے بعد سے تشدد زدہ لاشوں کی بر آمدگی کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم قوم پرستوں کی قیادت میں قائم بلوچستان کی موجودہ حکومت کا یہ کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے نہ صرف امن و امان کی صورتحال میں بہتری ہوئی ہے بلکہ تشدد زدہ لاشوں کی بر آمدگی میں بھی کمی آئی ہے۔







