پرامن فورس کے رضاکار کے مکان پر حملہ، بچی سمیت دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک بچی سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والا دوسرا فرد امن فورس کا رضا کار تھا۔
ڈیرہ بگٹی میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے نیلغ میں پیش آیا۔
اہلکار نے بتایا کے اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے امن فورس سے تعلق رکھنے والے ایک رضاکار کے گھر پر حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک بچی ہلاک ہوگئی جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
اہلکار کے مطابق زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
ڈیرہ بگٹی میں پہلے بھی امن فورس کے رضاکاروں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔
ڈیرہ بگٹی کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں گذشتہ کئی سال سے پرتشدد واقعات ہو رہے ہیں۔



