بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے ’قافلے پر بم حملہ‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کے قافلے میں شامل ایک گاڑی بارودی سرنگ کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کا نشانہ بنی ہے۔
اس واقعے میں گاڑی کو نقصان پہنچا ہے تاہم خود وزیر داخلہ اس میں محفوظ رہے۔
وزیر داخلہ کی گاڑی ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑھ میں بارودی سرنگ کے دھماکے کا نشانہ بنی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار الحق کاکڑ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سرفزاز بگٹی دو روز سے اپنے آبائی علاقے بیکڑھ کے دورے پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ بیکڑھ ہی میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک گاؤں گئے تھے واپسی پر ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹھکرا گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بارودی سرنگ کے دھماکے کے باعث گاڑی کو نقصان پہنچا لیکن خود وزیر داخلہ اس میں محفوظ رہے۔
حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر داخلہ کا قافلہ 7سے8گاڑیوں پر مشتمل تھا۔
ڈیرہ بگٹی بلوچستان کا صوبہ پنجاب کی سرحد سے متصل دور دراز کا علاقہ ہے۔
اس کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے متاثر ہیں تاہم حکام کا دعویٰ ہے پہلے کے مقابلے میں وہاں حالات اب بہتر ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر داخلہ کی گاڑی کو بم حملے کا نشانہ بنانے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ رپبلیکن آرمی نے قبول کی ہے۔







