دوستی بس کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس بھی بحال

سمجھوتہ ایکسپریں ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کو چلتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسمجھوتہ ایکسپریں ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کو چلتی ہے

بھارت کی ریاست ہریانہ میں پرتشدد مظاہروں کے بعد معطل کی جانی والی سمجھوتہ ایکسپریں کو بحال کردیا ہے اور جمعرات کو ٹرین بھارت کے لیے روانہ ہوگئی۔

اس ٹرین پر 140 مسافر بھارت گئے ہیں جن میں بھارت واپس جانے والے بھارتی شہری اور پاکستانی سیاح دونوں شامل ہیں۔

سمجھوتہ ایکسپریں ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کو چلتی ہے لہٰذا تعطل کے دوران صرف پیر کے روز ہی ٹرین سروس نہیں چلائی جا سکی۔

اس سے قبل بدھ کو لاہور سے نئی دہلی کے درمیان دوستی بس سروس دو دن کے تعطل کے بعد بحال کر دی گئی تھی۔ بس چلانے والے محکمے پاکستان ٹوارزم ڈویلمپنٹ کارپوریشن کے حکام کا کے مطابق بدھ کی صبح 25 مسافر دوستی بس کے ذریعے لاہور سے دہلی گئے۔

لاہور، دہلی بس سروس اور سمجھوتہ ایکپریس کو گذشتہ دنوں بھارتی حکومت کی درخواست پر بند کیا گیا تھا۔ بھارت کے دارالحکومت دہلی سے ملحقہ ریاست ہریانہ میں جاٹ برادری کے احتجاج اور پرتشدد ہنگاموں کے باعث وہاں امن او مان کی صورتحال کافی خراب تھی اور بھارت کی حکومت کی جانب سے بس اور ٹرین کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی گئی تھی۔

ان ہنگاموں میں تین دن کے دوران متعدد افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

دوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کی بندش کے بعد پاکستان اور بھارت میں پھنسے مسافروں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ملکوں کی حکومتوں نے دونوں جانب پھنسے مسافروں کے ویزوں میں توسیع کردی تھی۔

دوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس کی بندش کے بعد پاکستان اور بھارت میں پھنسے مسافروں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشندوستی بس اور سمجھوتہ ایکسپریس کی بندش کے بعد پاکستان اور بھارت میں پھنسے مسافروں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا