’دہلی میں پینے کا پانی ختم ہو گیا ہے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ دہلی میں پینے کا پانی تقریبا ختم ہو گیا ہے کیونکہ مظاہرین نے مونک نامی نہر کو بند کر دیا ہے جہاں سے دہلی کو پینے کا پانی سپلائی ہوتاہے۔
انھوں نے کہا ’ہریانہ کی تحریک کی وجہ سے دہلی کو پانی نہیں مل رہا ہے۔ اس کی وجہ سے ٹریٹمنٹ پلانٹ میں بھی پانی تقریبا ختم ہو گیا ہے۔‘
اسی سبب پیر کو دہلی کے تمام سکول کے بند رکھنے کا اعلان کیا گيا ہے۔
ہریانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس وائی پی سنگھ نے کہا کہ ریاست میں جاری احتجاج کے باعث دہلی کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق انھوں نے بتایا کہ حالات قدرے بہتر ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا ’ہماری ترجیحات میں آج دہلی کے لیے پانی کی سپلائی جاری کرنا ہے۔‘
خیال رہے کہ بھارتی ریاست ہریانہ میں ریزرویشن تحریک چلانے والے جاٹوں نےساری ریاست کی ناکہ بندی کر رکھی ہے اور ریاست کو دوسرے ملک سے ملانے والی شاہراہوں اور ریلوے لائنوں کو بند کر دیا گیا ہے۔



