شہریوں کی واپسی، ’پاکستان، بھارت رابطے میں ہیں‘

ہریانہ میں احتجاج کے باعث بھارت میں ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنہریانہ میں احتجاج کے باعث بھارت میں ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے

پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کی رہنمائی کے لیے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بھارتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پیر کو دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین اور دوستی بس سروس معطل ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی دارالحکومت دہلی سے ملحق ریاست ہریانہ میں جاٹ برادی کے احتجاج اور پرتشدد ہنگاموں کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین اور دوستی بس سروس بھی معطل کردی گئی تھی۔ ان ہنگاموں میں تین دن کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریل اور بس سروس معطل ہونے کے باعث بھارت سے پاکستان لوٹنے والے پاکستانی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اسی طرح بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان میں پھنسے بھارتی شہریوں کی مدد کی درخواست بھی کی ہے۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق پاکستانی اور بھارتی شہریوں کے ویزے کی معیاد ختم ہورہی ہے اور اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان کے ویزوں میں توسیع کردی جائے گی تاکہ وہ اپنے اپنے ملک ٹرین اور بس سروس بحال ہونے کے بعد واپس جاسکیں۔