بلوچستان: فائرنگ کے واقعات میں چار افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں تشدد کے مختلف واقعات میں حکمران جماعت نیشنل پارٹی کے دو مقامی رہنماؤں اور ایک کونسلر سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماؤں کی ہلاکت کا واقعہ منگل کو ضلع خضدار کے علاقے گریشہ میں پیش آیا۔
خضدار میں انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ ایک گاڑی میں چار افراد جارہے تھے۔ ان افراد کو گریشہ میں بد رنگ کے مقام پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے روکا۔
مسلح افراد نے نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماؤں عطااللہ ساجدی اور صدیق سمالانی کو گاڑی سے اتار کر ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں رہنما ہلاک ہوگئے۔
نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کو ہلاک کرنے کے واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ترجمان اور نیشنل پارٹی کے رہنما جان محمد بلیدی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ٹولہ نہتے سیاسی اور قبائلی رہنماؤں کو ٹارگٹ کرکے خوف کا ماحول پیدا کر نا چاہتا ہے۔
کونسلر کی ہلاکت کا واقعہ کوئٹہ شہر میں پیش آیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کوئٹہ میں سٹی پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے تھانہ روڈ پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شہر سے تعلق رکھنے والا ایک کونسلر ہلاک ہوگیا۔
ادھر پنجگور ٹاؤن میں فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوا۔
گذشتہ روز بھی کوئٹہ شہر میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کو اسپنی روڈ پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔







