’ریحام خان کو طیارے کے کاک پٹ میں کیوں بلایا‘

’ کپتان کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے‘

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن’ کپتان کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے‘
    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے ایک کپتان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس نے ریحام خان کو طیارے کے کاک پٹ میں داخل ہونے کی اجازت دی تھی۔

پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات کے مطابق ریحام خان طیارے کے کاک پِٹ میں کچھ دیر کے لیے گئی تھیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’چونکہ یہ قوانین کے خلاف ہے اور حفاظتی انتظامات کی خلاف ورزی ہے اس لیے پی آئی کی انتظامیہ نے طیارے کے کپتان کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔‘

تفصیلات کے مطابق ریحام خان پاکستان انٹرنیشنل کی پرواز پی کے 788 سے لندن سے لاہور سفر کر رہی تھیں کہ دورانِ پروام وہ کچھ دیر کے لیے طیارے کے کاک پِٹ میں گئیں۔

یاد رہے کہ امریکہ میں 11 ستمبر کے حملوں کے بعد سے طیاروں خصوصاً کاک پِٹ کی حفاظت کے بارے میں قوانین کو سخت بنایا گیا تھا جس کے تحت طیاروں کے کاک پِٹ کے دروازے مستقلاً بند رکھنے اور کاک پِٹ میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے کو روکنے جیسے قوانین شامل ہیں۔

11جنوری 2002 کو امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی نے نئے قوانین متعارف کروائے جن میں کاک پِٹ کے دروازے کو دورانِ پرواز مستقلاً بند رکھنے اور کاک پِٹ تک رسائی کو عملے کے علاوہ بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

گذشتہ کچھ عرصے سے پی آئی اے نے مختلف قوانین کی خلاف ورزی اور مختلف الزامات میں اپنے کئی ملازمین کو نوکریوں سے نکالا ہے۔