’ آپریشن ضرب عضب پر قومی خزانے سے دو ارب ڈالر خرچ کر چکے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک میں فوج کی زیر نگرانی دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب پر اب تک تقریباً دو ارب ڈالر خرچ ہوئے ہیں اور یہ رقم امریکہ کی جانب اتحادی سپورٹ فنڈ کے بجائے سرکاری خزانے سے استعمال کی گئی ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ گذشتہ ایک سال جاری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے رقم پاکستان کی حکومت نے مہیا کی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ آپریشن ضربِ عضب اور متاثرہ علاقوں سے مقامی افراد کی نقل مکانی اور اُن کی بحالی پر اب تک ایک ارب 90 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ سنہ 2001 میں افغانستان میں امریکہ افواج کے حملے کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اتحادی ہونے کے بعد پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت 13 ارب ڈالر ملے ہیں۔
تاہم امریکہ نے کہا ہے کہ سنہ 2015 کے بعد سے پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت رقوم جاری نہیں کی جائیں گی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت امریکہ کی قابلِ ادا رقوم آپریشن ضربِ عضب سے پہلے کی ہیں اور فنڈ کی ریلیز کے امریکہ حکومت سے بات چیت جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر کے حالیہ دورےِ پاکستان کے دوران دفاع، سکیورٹی، تجارت اور انسدادِ دہشت گردی کے امور پر تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل رینجرز اور بھارتی سکیورٹی فورسز کے حکام کے درمیان ملاقات طے شدہ شیڈیول کے مطابق نو ستمبر کو دہلی میں ہو گی۔

،تصویر کا ذریعہEPA
ترجمان نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے کابل دورے کے بارے میں بتایا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا۔
انھوں نے کہا کہ طالبان اور افغان حکومت سے مذاکرات کے اگلے مرحلے میں پاکستان سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز افغان حکام سے ملاقات میں کابل میں پاکستان سفارت خانے کے اہلکاروں کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنانے اور افغانستان میں پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کے بارے میں بات کریں گے۔
انھوں نے کہا پاکستان افغانستان سے دوستانہ روابط اور اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔







