’پاکستان بھارت کرکٹ سیریز پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا‘

،تصویر کا ذریعہBCCI
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
بھارت کے کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دسمبر میں مجوزہ کرکٹ سیریز کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ابھی بات چیت جاری ہے۔
بورڈ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکمراں جماعت بی جے پی کے کئی سرکردہ ارکان اور ہندو قوم پرست جماعت شیو سینا پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز بحال کرنے کی مخالفت کر رہی ہیں۔
بنگلہ دیش کے دورے کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر تے ہوئے بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خاں نے بی سی سی آئی کے سربراہ جگ موہن ڈالمیا اور ان سے دو بار ملاقاتیں کی تھیں ۔ پروگرام کے مطابق رواں سال دسمبر میں بھارت اور پاکستان کرکٹ سیریز منعقد ہونا تھی۔ انھوں نے کہا کہ ’ابھی یہ بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے ۔ ابھی ہم لوگ صلاح و مشورہ کر رہے ہیں۔‘
ٹھاکر نے بتایا کہ ’بھارت پاک سیریز کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ ابھی بہت سے معاملات ہیں جن کے بارے میں دونوں بورڈ بات چیت کر رہے ہیں۔‘
تقریباً دو ہفتے قبل شہر یار خان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر جگ موہن ڈالمیا سے کولکتہ میں ملاقات کی تھی۔ آئي پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے دونوں کرکٹ سربراہوں کی اس ملاقات کو بہت مثبت قرار دیا تھا لیکن انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سیریز کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
اس ملاقات کے بعد بھارت کی پارلیمنٹ میں بی جے پی کے رکن اور سابق سیکریٹری داخلہ آر کے سنگھ نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کی سخت مخالفت کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’میری سمجھ میں نہیں آتا کہ ایک ایسے ملک کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے کیا معنی ہیں جو اُن دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہو جو ہمارے ملک پر حملے کے مرتکب ہیں۔‘
ممـبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے بنگلہ دیش کے دورے کے لیے جس کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا وہ عالمی کپ کے سکواڈ سے زیادہ مختلف نہیں ہے۔
ایک ٹیسٹ میچ اور تین ایک روزہ میچ پر مشتمل اس سیریز میں ایم ایس دھونی ایک روزہ میچوں کے کپتان ہوں گے جبکہ وراٹ کوہلی کو ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹیم کی ایک خاص بات یہ تھی آف سپنر ہر بھجن سنگھ تین برس بعد دوبارہ بھارتی ٹیم میں لوٹے ہیں۔ انھوں نے آخری بین الاقوامی میچ 2013 میں کھیلا تھا۔
آئی پی ایل کے حالیہ میچوں میں ڈریسنگ روم اور پولین میں وراٹ کوہلی کی اداکارہ دوست انوشکا شرما کے ساتھ نظر آنے پر انوراگ شرما نے کہا کہ ’کوئی بھی کھلاڑی کھیل سےبڑا نہیں ہوتا۔ آئی پی ایل کے ضابطوں کے مطابق ان کے خلاف پہلے بھی کارروائی کی گئی ہے اور اب بھی کی جا رہی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہPTI
بنگلہ دیش کے لیے بھارتی ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہ کرنے کا دفاع کرتے ہوئے چیف سیلیکٹر سندیپ پاٹل نے کہا کہ عالمی کپ میں بھارتی ٹیم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، اس لیے اس کمبینیشن میں زیادہ تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ٹیسٹ ٹیم میں وراٹ کوہلی کپتان، مرلی وجے، شیکھر دھون، کے ایل راہل، چیتیشور پجارا، اجینکیا رہانے، روہت شرما، ویریدھمان ساہا، آر اشون، ہر بھجن سنگھ، کرن شرما، بھونیشور کمار، امیش یادو، ورون ایرن اور ایشانت شرما شامل ہیں۔
ون ڈے سیریز میں ایم ایس دھونی (کپتان)، روہت شرما، اجینکیا رہانے ، وراٹ کوہلی، شیکھر دھون، سریش رائنا، امبتی رایڈو، آر اشون، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، بھونیشور کمار، امیش یادو، موہت شرما، سٹیورٹ بنی اور دھول کلکرنی شامل ہیں۔







