شمالی وزیرستان میں پولیو کے مزید چار کیس

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مزید چار بچوں میں پولیو کے وائرس کی تصدیق کے بعد ملک میں اس سال اب تک اس مہلک مرض سے متاثرہ بچوں کی تعداد 59 ہو گئی ہے جن میں سے 46 کا تعلق قبائلی علاقوں سے بتایا گیا ہے۔
انسداد پولیو مہم کے حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں چار بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان میں ایک ہی گھر سے دو بچیاں بھی متاثر ہوئی ہیں جن میں سے ایک انتقال کر گئی ہے۔ ان چاروں بچوں کا تعلق شمالی وزیرستان کے ان علاقوں سے ہے جہاں بیشتر بچوں کو پولیو کے وائرس سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے جا سکے۔
حکام کے مطابق ان چار بچوں میں پولیو کے وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 59 ہو گئی ہے ۔
گذشتہ سال اس عرصے میں صرف چھ بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ اس سال یہ تعداد کئی گنا بڑھ گئی ہے جس سے بین الاقوامی سطح پر انتہائی تشویش پائی جاتی ہے ۔
شمالی وزیرستان ایجنسی میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیو مہم کی مخالفت اور فوجی کارروائیوں کی وجہ سے انسداد پولیو مہم باقاعدہ طور پر مکمل نہیں کی جا سکی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انسداد پولیو مہم کے حکام کے مطابق سب سے زیادہ بچے قبائلی علاقوں میں خاص طور پر شمالی وزیرستان ایجنسی میں متاثر ہوئے ہیں۔
قبائلی علاقوں میں اس سال اب تک 46 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ان 46 بچوں میں سے 40 کا تعلق شمالی وزیرستان ایجنسی سے بتایا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا سے اس سال اب تک نو بچوں میں اس مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے چار کا تعلق پشاور اور پانچ کا تعلق ضلع بنوں سے بتایا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کا جنوبی ضلع بنوں شمالی وزیرستان ایجنسی کی سرحد سے متصل ہے اور یہاں متاثر ہونے والے بیشتر بچوں کا تعلق بھی شمالی وزیرستان ایجنسی سے بتایا گیا ہے جو نقل مکانی کر کے بنوں آئے ہیں جبکہ ایک بچے کا تعلق ایف آر بنوں سے ہے۔
صوبہ سندھ سے اس سال اب تک چار بچوں میں یہ وائرس پایا گیا ہے اور یہ چاروں بچے کراچی شہر اور اس کے مضافات کے رہائشی ہیں۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت مختلف علاقوں میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے رضاکاروں اور ان کی سکیورٹی پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو شدت پسندی کے واقعات میں نشانہ بنایا جا چکا ہے۔







