ڈی آئی خان: پولیو کی سکیورٹی ٹیم پر حملہ، دو پولیس اہل کار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلعے ڈیرہ اسماعیل خان میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیو کارکنوں کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہل کاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کو ڈیرہ اسمعیل خان شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور احمد گڑھ کے علاقے میں درابن ژوب روڈ پر پیش آیا۔
ڈیرہ ٹاؤن پولیس سٹیشن کے انچارج عبد اللہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ انسداد پولیو کی ٹیموں کو سکیورٹی فراہم کرنے والے دو پولیس اہل کار ڈیوٹی ختم کرکے پولیس لائن آرہے تھے کہ اس دوران ان پر نا معلوم مسلح افراد کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی ۔
انھوں نے کہا کہ حملے میں دونوں اہل کار موقع ہی پر ہلاک ہوئے۔
پولیس کے مطابق منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان کے دور افتادہ علاقوں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے تھے اور اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں پولیو کارکنوں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ڈیرہ اسمعیل خان میں پولیو کارکنوں کی سکیورٹی پر مامور اہل کاروں پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔
تاہم اس سے قبل صوبے کے دیگر اضلاع بالخصوص پشاور اور قبائلی علاقوں میں پولیو کارکنوں پر کئی مرتبہ حملے ہو چکے ہیں جس میں پولیو کارکن اور ان کی حفاظت پر مامور درجنوں اہل کار مارے جاچکے ہیں۔
گذشتہ سال ان حملوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا اور اس دوران صرف خیبر پختونخوا میں تقریباً 20 افراد ہلاک ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اب تک ان حملوں کی ذمہ داری براہ راست کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم حکام کی جانب سے ان کا شک شدت پسندوں تنظیموں پر کیا جاتا رہا ہے۔







