کراچی: انسدادِ پولیو مہم کا پہلا دن پُر امن

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں منگل کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کے دوران شہر کے پانچ میں سے چار اضلاع میں بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم کا پہلا دن مکمل طور پر پرامن رہا اور کہیں سے بھی تشدد کے کسی واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
کراچی میں شروع ہونے والی یہ مہم نیشنل امیونائزیشن پرواگرام کا حصہ ہے جس کے تحت کراچی کے چار اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے ہیں۔
کراچی کے ضلعی افسرِ صحت ظفر اعجاز کے مطابق یہ مہم تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔
انھوں نے بتایا کہ ’اس سلسلے میں کراچی کو مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ضلع وسطی کے علاوہ تمام اضلاع میں یہ مہم شروع کردی گئی ہے جبکہ ضلع وسطی میں یہ مہم دو روز بعد شروع کردی جائے گی۔‘
کراچی کے بچوں میں پولیو وائرس سے متاثر ہونے کے اعداد و شمار کے بارے میں ڈاکٹر ظفر اعجاز کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ سال کراچی میں آٹھ کیسز سامنے آئے تھے جب کہ اس سال اب تک ایک کیس سامنے آیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اکثر کیسز افغان خیمہ بستیوں والے علاقوں یا پھر ان علاقوں میں سامنے آتے ہیں جہاں ملک کے شمالی علاقوں سے لوگ آکر آباد ہورہے ہیں۔
ضلعی افسرِ صحت ظفر اعجاز نے بتایا کہ شہر کے جن علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتِ حال خراب ہے وہاں انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے منگل کو کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈاکٹر ظفر کے مطابق کچھ افراد اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے انکار بھی کردیتے ہیں جن سے پھر علاقے کے معززین کے ذریعے بات کی جاتی ہے اور انہیں تیار کیا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ ایک مشکل عمل ہے مگر آہستہ آہستہ اس مسئلے پر قابو پایا جا رہا ہے۔







