پشاور:’صحت کا انصاف‘ مہم پر حملہ، پولیس اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ ’صحت کا انصاف‘ مہم میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں پر بم حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ حملہ اتوار کی صبح سات بجے کے قریب چارسدہ روڈ کے علاقے میں واقع لڑمہ قبرستان میں کیا گیا۔
خزانہ پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار رسول شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ صحت کے انصاف پروگرام کے تحت بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے ویکسین اور دوائیاں تقسیم کرنے کے مہم کے لیے پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹیوں پر بھیجا جارہا تھا کہ اس دوران سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے ان پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
اہلکارنے بتایا کہ حملے کے بعد قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا اور اس سلسلے میں کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گذشتہ ماہ پشاور میں صحت کے انصاف کے پرگرام کا افتتاح کیا تھا۔
اس مہم کے تحت بچوں کو پولیو سمیت نو بیماریوں سے بچاؤ کے ویکسین اور ادویات دی جاتی ہیں جس پر بیس ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق اس مہم کے تحت اب تک ضلع پشاور میں پانچ لاکھ کے قریب بچوں کو ادویات اور ویکسین پلائی جا چکی ہیں۔ یہ مہم ہر اتوار کو پشاور میں چلائی جاتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے اس مہم کے دوران سکیورٹی خدشات کے باعث پشاور میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم آج کسی قسم کی پابندی کا اعلان نہیں ہوا تھا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پشاور میں حالیہ دنوں میں انسدادِ پولیو مہم میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر حملوں میں تیزی آئی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔







