پرویز خٹک کا میاں نواز شریف کو ڈرون حملے رکوانے پر خط

اس خط میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر اس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے
،تصویر کا کیپشناس خط میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر اس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف چاروں صوبوں کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے ایک متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے اور تب تک نیٹو افواج کو پاکستان کے راستے سامان کی ترسیل معطل کر دی جائے۔

صوبائی حکومت نے ہنگو میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور اسی سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم پاکستان سے کہا ہے کہ یہ حملے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان شیراز پراچہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اس خط میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حملے ملک کی سالمیت پر حملے ہیں اور ہمیں یہ اجلاس طلب کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ ملک میں تمام جماعتیں اور صوبے متحد ہیں۔

اس خط میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر اس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اس خط میں چار نکات پر بات کی ہے ان میں اجلاس طلب کرنے اور نیٹو افواج کو سامان کی ترسیل معطل کرنے کے علاوہ کہا گیا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف شہریوں کا غصہ ایک قدرتی عمل ہے اور ایسے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے ۔ انھوں نے کہا پولیس امن و امان کی صورتحال قابو رکھنے میں چوکنا ہے۔

اس خط میں پرویز خٹک نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی حیثیت سے ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کے جذبات اور ان کی احساسات کا خیال رکھیں۔

ڈرون حملوں کے خلاف خیبر پختونخوا میں سخت رد عمل پایا جاتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے دھرنے آج تیسرے روز بھی جاری ہیں۔

پشاور میں حیات آباد کے قریب اہم شاہراہ پر نیٹو افواج کو سامان کی ترسیل کرنے والے کنٹینرز کو روکا جا رہا ہے سیاسی کارکن اپنی جماعتوں کے پرچم اٹھائے موجود ہیں جہاں آنے جانے والے کنٹینرز کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے ۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے احتجاج کا اعلان اور نیٹو افواج کو سامان کی ترسیل روکنے کا حکم دیا ہے تب سے سڑکوں پر نیٹو کا سامان لے جانے والے کنٹینرز اور ٹینکرز سڑکوں پر کم ہی نظر آ رہے ہیں۔